خبرنامہ

ہیڈ کوچ نے ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا

ہیڈ کوچ نے ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا

ویلنگٹن:(ملت آن لائن) ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا۔ ویلنگٹن میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، البتہ بعد میں آنے والے بیٹسمینوں کی طرف سے مزاحمت اور مشکل صورتحال میں حارث سہیل کی ثابت قدمی پاکستان کرکٹ کیلیے بڑی خوش آئند بات رہی جب کہ دیگر کو بھی اسی انداز میں کریز پر قیام کرنے کی ضرورت تھی۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ کسی بھی مہمان ٹیم کیلیے غیر ملکی کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں،بھارت کو بھی جنوبی افریقہ میں مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں اپنی حکمت عملی پر ازسر نو غور کرتے ہوئے ایسے کمبی نیشن کو آئندہ ون ڈے سیریز میں آزمانا ہوگا جو ورلڈ کپ 2019میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتا ہو۔
مکی آرتھر نے کہا کہ نوجوان پلیئرز کا کوئی دباؤ لیے بغیر پرفارم کرنا پاکستان کرکٹ کیلیے بڑا خوش آئند ہے، فخرزمان کو چیمپئنز ٹرافی میں موقع ملا تو انھوں نے پوری ٹیم کا مزاج بدل کر رکھ دیا،شاداب اور فہیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بیٹنگ صلاحیتوں کی جھلک دکھائی۔ ان کے کھیل میں خوف کا عنصر نظر نہیں آتا تاہم سیریز کے پانچویں میچ میں اچھی شراکتیں لوئر آرڈر نے قائم کیں جب کہ ایسی ہی ایک پارٹنرشپ اننگز کے آغاز میں بھی ہوتی تو میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں رہتا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماربل سلیب پر بھی پریکٹس کی لیکن کھلاڑیوں کو یہ اندازہ نہیں ہوسکا کہ یہاں کس ایریا میں کھیلنے سے رنز بنائے جا سکتے ہیں،ان مسائل پر ہمیں مزید کام کرنا ہوگا۔