نیویارک:(اے پی پی) یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز کا سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوچکا ہے، میگا ایونٹ کے مینز سنگلز کے سیمی فائنلز (آج) ہفتہ کو کھیلے جائینگے، سربیا کے عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، فرانس کے گیل مونفلس، سویٹزرلینڈ کے سٹانسلاس وارینکا اور جاپان کے کائی نیشیکوری مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈسلام میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ، میگا ایونٹ کا مینز سنگلز راؤنڈ سیمی فائنل میں داخل ہوچکا ہے۔ سربیا کے نوویک جوکووچ نے فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا کو ہرا کر، فرانس گیل مونفلس نے ہم وطن پاؤلی کو شکست دیکر، جاپان کے کائی نیشیکوری نے انگلینڈ کے اینڈی مرے کو مات دیکر اور سٹانسلاس وارینکا نے ارجنٹائن کے جان مارٹن کو ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ سیمی فائنل مرحلے میں نوویک جوکووچ کا مقابلہ گیل مونفلس سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سٹانسلاس وارینکا کو کائی نیشیکوری کا چیلنج درپیش ہوگا۔