خبرنامہ

یو اے ای میں غیر منظور شدہ لیگز کی شامت آگئی

یو اے ای میں غیر منظور شدہ لیگز کی شامت آگئی

عجمان:(ملت آن لائن) یو اے ای میں غیر منظور شدہ کرکٹ لیگز کی شامت آگئی جب کہ رنگ برنگے ٹورنامنٹس منعقد کرانے پر عجمان اوول کو ہی معطل کردیا گیا۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں عجمان میں ہونے والی آل اسٹارز ٹی 20 لیگ میں بیٹسمینوں کو جان بوجھ کر رن آؤٹ اور اسٹمپڈ ہوتے دکھایا گیا، اس کی وجہ سے 136 کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پوری ٹیم 46 رنز پر آؤٹ ہوجاتی ہے جب کہ منگل کو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس ایونٹ میں ممکنہ میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم اب عجمان کرکٹ کونسل (اے سی سی )کی جانب سے جس وینیو پر یہ ایونٹ منعقد ہوا تھا اس کو ہی معطل کردیا گیا ہے۔
اے سی سی کے سیکریٹری شجیع الملک کا ’گلف نیوز‘ سے بات چیت میں کہاکہ معطل شدہ عجمان اوول گراؤنڈ پر جو بھی ٹورنامنٹ منعقد ہوگا اور اس میں جو بھی کھلاڑی حصہ لیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ جس آل اسٹار ٹی 20 ٹورنامنٹ کے خلاف آئی سی سی نے تحقیقات شروع کیں وہ بھارت اور چند دوسرے ممالک میں براہ راست نشر ہوا، اس میں سلمان بٹ اور حسن رضا جیسے انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے حصہ لیا، یہ ٹورنامنٹ غیر منظور شدہ تھا، اس وقت دیگر ٹورنامنٹس کے بارے میں بھی تحقیقات ہورہی ہیں،ان میں سے کسی کی بھی عجمان کرکٹ کونسل نے منظوری نہیں دی۔
دریں اثنا شجیع الملک نے ’کرک انفو‘ کو بتایا کہ عجمان اوول مسلسل کوڈ کی کی خلاف ورزی کررہا تھا جس کی وجہ سے اس کو معطل کردیا گیا، ہماری کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی ہے اور جاری تحقیقات میں آئی سی سی سے تعاون کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بارہا یاددہانی کے باوجود عجمان اوول پر ایسے ٹورنامنٹس منعقد ہورہے تھے جن کی نہ تو ہماری کونسل نے منظوری دی نہ ہی ان کے پاس امارات کرکٹ بورڈ کی کلیئرنس تھی۔
ادھر ای سی بی کے ترجمان زید عباس کا کہنا ہے کہ ہم نے آل اسٹارز ٹی 20 کی منظوری نہیں دی تھی،عجمان اوول کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارا عجمان کرکٹ کونسل سے کوئی تعلق نہیں، امارات کرکٹ بورڈ سے وضاحت کیلیے رابطہ کیا ہے۔