خبرنامہ

2019ء ورلڈ کپ کی تیاری، نیوزی لینڈ کا دسمبر سے مارچ تک تین ایشیائی ٹیموں سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان، کیوی ٹیم تینوں ٹیموں کے خلاف 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی

آکلینڈ ۔(ملت+اے پی پی) نیوزی لینڈ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں 2018-19ء ہوم سیزن دسمبر سے مارچ کے دوران تین ایشیائی ٹیموں، سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی میزبانی کرے گا۔ میزبان ٹیم تینوں ٹیموں کے خلاف مجموعی طور پر 11 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اعلان کردہ شیڈول کے تحت نیوزی لینڈ کی ٹیم دسمبر اور جنوری میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 سے 19 دسمبر، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 3 جنوری، دوسرا میچ 5 جنوری، تیسرا اور آخری میچ 8 جنوری کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 11 جنوری کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد نیوزی لینڈ بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 23 جنوری، دوسرا ون ڈے 26 جنوری، تیسرا ون ڈے 28 جنوری، چوتھا ون ڈے 31 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 3 فروری کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 6 فروری، دوسرا میچ 8 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 فروری کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 13 فروری، دوسرا میچ 16 فروری، تیسرا اور آخری میچ 20 فروری کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 فروری سے 4 مارچ، دوسرا ٹیسٹ 8 سے 12 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 16 سے 20 مارچ تک کھیلا جائے گا۔