5 ون ڈے، 4 پاکستانی اوپننگ پیئرز، تمام فلاپ
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان نے نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کے 5 میچز میں 4 مختلف اوپننگ جوڑیاں آزمائیں مگر ایک بھی کامیاب نہ ہوئی۔ قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے بڑی شراکت 14رنز چوتھے میچ میں فخرزمان اور عمرامین کے مابین بنی،دیگر میچز میں اوپنرز 10رنز کا آغاز بھی فراہم نہیں کرسکے۔ پہلے میچ میں اظہر علی صرف 6رن بناکر میدان بدر ہوئے تو پاکستان کا ٹوٹل بھی اتنا ہی تھا،ساتھی اوپنر فخرزمان آخر تک ڈٹے رہے اور 72پر ناقابل شکست پویلین واپس گئے،دوسرے مقابلے میں امام الحق کو میدان میں اتارا گیا، انھوں نے صرف 2 رن پر وکٹ گنوائی تو گرین شرٹس کا ٹوٹل صرف 5 تھا، مزید 9رنز کے اضافے پر دوسرے اوپنر اظہر علی(6)بھی چلتے بنے، تیسرے میچ میں اظہرنے کھاتہ بھی نہیں کھولا، فخرزمان 2پر ہمت ہارگئے۔
پاکستان نے 2 رنز پر دونوں اوپنرز گنوا دیے، چوتھے میچ میں فہیم اشرف کا تجربہ کیا گیا، انھوں نے صرف ایک رن پر وکٹ گنوائی تو مجموعی اسکور 7تھا،بعد ازاں فخر54کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے، پانچویں اور آخری میچ میں ایک نئی جوڑی میدان میں اتاری گئی، شعیب ملک انجری کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔
ٹی 20 سیریز کیلیے نیوزی لینڈ پہنچنے والے عمرامین کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرتے ہوئے بطور اوپنر بھیجا گیا،انھوں نے صرف 2رنز بناکر وکٹ کی قربانی پیش کی تو ٹوٹل 14 تھا، مزید 5رنز کے اضافے پر فخرزمان کی اننگز کا بھی 12پر اختتام ہوگیا۔پانچوں میچز اوپنرز نے مجموعی طور پر 156 رنز جوڑے، اوسط 17.33رنز فی وکٹ رہی،ان میں سے فخرزمان کے ناقابل شکست 72اور دوسری اننگز میں 54کو نکال دیں تو دیگر کی مجموعی طور پر 8اننگز میں صرف 30رنز بنائے گئے اور ایوریج 3.75بنتی ہے۔