خبرنامہ

اب پاکستانی بھی یوٹیوب سے پیسہ کماسکیں گے

کراچی:(ملت+اے پی پی) اوریجنل ویڈیوز بنانے والے پاکستانی تخلیق کار بھی اب گوگل کی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اپنی ویڈیوز پیش کرکے پیسہ کماسکیں گے۔ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے پاکستان کو اپنے ’’یوٹیوب مونیٹائزیشن پروگرام‘‘ میں شامل کرلیا ہے یعنی اب پاکستانی بھی اوریجنل ویڈیوز یوٹیوب پر رکھ کر پیسہ کماسکیں گے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ان کے پاس گوگل ایڈسینس کا اکاؤنٹ پہلے سے موجود ہو۔ یوٹیوب موٹیٹائزیشن پروگرام فی الحال چند منتخب ممالک تک ہی محدود ہے اور پاکستان کی اس پروگرام میں شمولیت ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ گوگل کی جانب سے یوٹیوب پاکستان کے باقاعدہ اجراء کی تقریب بہت جلد متوقع ہے اور یہ اعلان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اگر آپ کے پاس گوگل ایڈسینس اکاؤنٹ ہے اور آپ اپنے یوٹیوب چینل کو مونیٹائز کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل مرحلوں پر عمل کریں۔
1۔ اپنے یوٹیوب چینل میں لاگ اِن ہوکر www.youtube.com/features کے یو آر ایل پر پہنچ جائیں۔
2۔ یہاں موجود ایک بٹن Enable Monetization پر کلک کریں۔
3۔ اس کے بعد شرائط منظور کرنے والے آپشن کو ’’اوکے‘‘ کرتے ہوئے آگے بڑھ جائیں اور
4۔ اپنے ایڈسینس اکاؤنٹ کو یوٹیوب سے جوڑ دیں۔