خبرنامہ

اسرائیلی کمپنی نے ’’ایپل‘‘ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

اسرائیلی کمپنی نے ’’ایپل‘‘ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا
کیلیفورنیا:(ملت آن لائن) اسرائیلی کمپنی نے’ایپل‘ پر ان کی کیمرہ ٹیکنالوجی چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ اسرائیل کی موبائل اور کیمرہ ٹیکنالوجی کی کمپنی کورفیوٹونکس نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے اپنے آئی فونز میں ان کی ڈبل کیمرہ ٹیکنالوجی کے 4 پیٹنٹ کا استعمال کیا ہے جو انتہائی غیر قانونی اقدام ہے جب کہ کمپنی نے ’ایپل‘ کے خلاف کیلیفورنیا کی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کردیا ہے۔رپورٹس کے مطابق عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ’ایپل‘ نے اپنے آئی فون ماڈل 7 پلس اور 8 پلس میں ہمارے بنائے گئے ٹیلی فوٹو لینس ڈیزائن، اوپٹیکل زوم اور تصویر کا معیار بہتر بنانے کی ٹیکنالوجی کو کاپی کیا ہے۔
کورفیوٹونکس حکام نے دعویٰ کیا کہ ’ایپل‘ نے ہماری ٹیکنالوجی کو سراہتے ہوئے شراکت داری کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن لائسنس دینے سے انکار کرتے ہوئے کورفیوٹونکس کی پیٹنٹ درخواست کی تضحیک بھی کی تھی۔ دوسری جانب ’ایپل‘ کمپنی کی جانب سے اس پر اب تک کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اسرائیلی کمپنی نے 2016 میں پہلی بار موبائل میں ڈبل کیمرہ ٹیکنالوجی متعارف کروائی تھی۔