اوریگون:(اے پی پی) امریکی کمپنی نے چوکور الیکٹرک اسکوٹر تیار کی ہے جو ایک دفعہ چارج ہونے پر 40 میل سے زائد کا سفر طے کرسکتی ہے۔اس چوکور اسکوٹر کو باکس boxx اسکوٹر کا نام دیا ہے جس کی لمبائی ایک میٹر ہے۔ اس کی سب سے اہم بات اس کا دلکش اور خوبصورت ڈیزائن ہے جسے دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ اسے گزشتہ ماہ پورٹلینڈ انٹرنیشنل اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا تھا جسے باکس کارپوریشن نے بنایا ہے اور اسے ’ایک میٹر سواری‘ کا نام دیا گیا ہے۔اسکوٹر کا وزن 120 پونڈ یعنی 54 کلوگرام ہے لیکن یہ حیرت انگیز طور پر 300 پونڈ وزن اٹھاسکتی ہے۔ یہ اسکوٹر زیادہ سے زیادہ 25 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے۔ اسے چارج ہونے میں ایک سے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔ اگرچہ دیکھنے میں یہ عجیب لگتی ہے لیکن جن لوگوں نے اسے استعمال کیا ہے انہوں نے اسے بہت آرام دہ اور استعمال میں آسان پایا ہے۔کمپنی کے مطابق یہ ماحول دوست اسکوٹر ہے جو بجلی سے چلتی ہے۔ اس کی قیمت قریباً 4 ہزار ڈالر ہے۔ اس کے اندر 2 خانے ہیں جن کے اندر سامان اور بریف کیس رکھا جاسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ موٹرسائیکل نہں بلکہ اسے باکس اسکوٹر کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔