خبرنامہ

انسٹاگرام صارفین کا خوف ختم، نیا فیچر متعارف

کیلی فورنیا:(ملت آن لائن) سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکشن انسٹاگرام نے صارفین کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹوریز سے متعلق نیا فیچر دنیا بھر میں متعارف کرادیا۔

فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ کے نئے فیچر کو ’کلوز فرینڈ‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت صارف کے منتخب کردہ دوست ہی اُس کی اسٹوریز کو دیکھ سکیں گے۔

قبل ازیں انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی اسٹوریز تمام فالوررز دیکھ سکتے تھے مگر اب صارف اپنی مرضی سے لوگوں کا انتخاب کرے گا جو اس اسٹوری کو دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے روزمرہ کی زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیچر کو متعارف کرایا کیونکہ ہم اپنی کچھ باتیں صرف اہم دوستوں کے ساتھ ہی شیئر کرنا چاہتے ہیں۔

انسٹاگرام کی جانب سے جاری بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ ’اسٹوریز کا سیکشن اب ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں روزانہ لاکھوں کی تعداد میں صارفین اپنے جذبات کا اظہار اور مصروفیات شیئر کرتے ہیں، کئی لوگوں کی خواہش یہ بھی ہوتی ہے کہ اُن کی ذاتی زندگی کے بارے میں اجنبی لوگ نہ جان سکیں‘۔

کلوز فرینڈز فیچرز کے تحت شیئر کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز بھی ماضی کی طرح 24 گھنٹے کے بعد خود بہ خود غائب ہوجائیں گی۔

کمپنی کے بلاگ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیچر کی تیاری میں ایک سال سے زیادہ کا عرصہ لگا، آزمائشی مرحلے میں کامیابی کے بعد اسے 30 نومبر سے دنیا بھر میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

فیچر کا استعمال

صارف کو ایک فہرست مرتب کرنا ہوگی جس میں وہ اپنے قریبی لوگوں کا انتخاب کرے گا، کسی بھی صارف کو شامل کرنے پر اُس کے پاس کوئی نوٹی فکیشن نہیں جائے گا۔

اب کوئی بھی صارف متعلقہ پوسٹوں سے متعلق فالوورز کی مختلف فہرستیں بیک وقت ترتیب دے سکے گا اور پھر اسٹوریز کو شیئر کرنے وقت اُن کا انتخاب کرے گا۔