خبرنامہ

انسٹاگرام میں لائیو ویڈیو فیچر بھی متعارف

سان فرانسسکو: (ملت نیوز) انسٹاگرام جلد ہی اپنے صارفین کو براہِ راست ویڈیو نشر کرنے (لائیو ویڈیو اسٹریمنگ) کی سہولت فراہم کرے گا جس کے بعد وہ فیس بُک لائیو اور اسنیپ چیٹ کی وژول ڈائریز کے مدمقابل آجائے گا۔ اس وقت سوشل میڈیا میں ’’لائیو ویڈیو‘‘ کا تصور بڑی تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس کے تحت صارفین مختلف سوشل نیٹ ورکس پر اپنی براہِ راست ویڈیوز نشر کرسکتے ہیں۔ عام طور پر یہ ویڈیوز ایک مرتبہ آن لائن نشر (لائیو اسٹریم) ہوجانے کے بعد خود بخود ڈیلیٹ ہوجاتی ہیں جیسے کہ اسنیپ چیٹ وژول ڈائریز میں ہوتا ہے۔ انسٹاگرام بھی اسی کے نقشِ قدم پر چل رہا ہے کیونکہ اس کی لائیو ویڈیوز بھی نشر ہونے کے بعد ڈیلیٹ ہوجایا کریں گی اور کہیں محفوظ نہیں رہا کریں گی۔ اب تک سوشل میڈیا پر براہِ راست چلنے والی ویڈیو ریکارڈ کرنے اور بعد میں بھی دیکھنے کی سہولت صرف فیس بُک لائیو میں موجود ہے۔ انسٹاگرام میں لائیو ویڈیو اسٹریمنگ فیچر کی آزمائش آج سے شروع کی جارہی ہے جو آئندہ چند ماہ بعد اس کے تمام 50 کروڑ صارفین کےلئے دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام نے اپنی ایپ میں کچھ اور اضافے کئے ہیں جن کے تحت اب صارفین ایک منٹ تک دورانئے کی ویڈیو کلپس بھی یہاں شیئر کراسکتے ہیں۔ البتہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ لائیو ویڈیو اسٹریمنگ فیچر کے اضافے سے انسٹاگرام کو فیس بُک اور اسنیپ چیٹ کے مدمقابل آنے میں کتنی مدد ملے گی اور یہ فیچر کس حد تک کامیاب ہوگا۔