سیئول، کوریا:(اے پی پی) کوریا کے ماہرین نے ایک ایسی پٹی تیار کی ہے جو شہادت کی انگلی کو ہیڈ فون میں بدل کر آپ کے ہاتھوں کو موبائل فون بناسکتی ہے۔ اس کا نام سگنل Signl رکھا گیا ہے۔ جو آواز کی لہروں کو جسم کے اندر جذب کردیتا ہے اور لوگ اپنے ہاتھ کو فون کی جگہ استعمال کرسکتے ہیں۔ سگنل کمپنی کا نام پہلے ٹپ ٹاک تھا جس کی بنیاد جنوبی کوریا کے 3 ایسے لوگوں نے رکھی ہے جو 2015 سے قبل سام سنگ میں کام کرتے تھے۔ یہ فون اور بلیوٹوتھ سے جڑی کسی بھی اسمارٹ واچ ( مثلاً سام سنگ اور ایپل وغیرہ) پر لگے پٹے کے ذریعے آواز کی امواج آپ کی انگلی اور ہاتھ میں بھیجتی ہے اور یوں لگتا ہے کہ آپ کی انگلی اسپیکر بن گئی ہے جب کہ پٹے پر لگا مائیک آپ کی آواز کو آگے بھیجتا ہے۔ اس کے تخلیق کار کا کہنا ہےکہ بعض اوقات ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری گفتگو سنے اور سگنل کو اسی مقصد کے لیے بنایا گیا ہے۔ اسے تیار کرنے والی کمپنی کے حکام کا کہنا ہےکہ اسمارٹ واچ پہننے والے لوگ اس پر بہت کم بات کرتے ہیں کیونکہ ہر کوئی ان کی گفتگو سن سکتا ہے مگر یہ جادوئی پٹی اس کا مؤثر حل پیش کرتی ہے کیونکہ صرف اسے پہننے والا ہی اپنے ہاتھوں سے آنے والی آواز کو سن سکتا ہے۔ سگنل نامی گھڑی کا یہ پٹا 2 اہم ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے۔ اس میں ایک ایکچوایٹر ہے جو جسم میں تھرتھراہٹ پیدا کرتا ہے۔ دوسری شے ایک الگورتھم کا نظام ہے جو آواز کے سگنل کو بڑھا کر اسے سننے کے قابل بناتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی بیٹری ساڑھے 4 گھنٹے تک بات چیت کے لیے مؤثر ہے جب کہ اسے یوایس بی پورٹ سے چارج کیا جاسکتا ہے۔