خبرنامہ

ایل جی نے ٹیبلٹ میں تبدیل ہونے والے اسمارٹ فون پر کام شروع کردیا

ایل جی نے ٹیبلٹ میں

ایل جی نے ٹیبلٹ میں تبدیل ہونے والے اسمارٹ فون پر کام شروع کردیا

سیؤل ،(ملت آن لائن) جنوبی کوریا: ایل جی نے ایک اہم ایجاد کے حقِ ملکیت (پیٹنٹ) کی درخواست کی ہے جو ایک اسمارٹ فون کو ٹیبلٹ بناسکتی ہے۔

پیٹنٹ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسمارٹ فون کا اسکرین فولڈ ہوسکتا ہے اور لچکدار اسکرین تہہ ہوکر آدھا رہ جاتا ہے۔ تجزیہ کاروں نے اسے ایل جی کا فولڈایبل فون قرار دیا ہے۔ اگرچہ اس کی درخواست جولائی 2017 میں دائر کی گئی تھی تاہم اس کی تفصیلات حال ہی میں منظرِعام پر لائی گئی ہیں۔

ایل جی نے اپنی پیٹنٹ میں دو طرح کی ایجادات دکھائی ہیں۔ ان میں سے ایک لچکدار ڈسپلے والا ایسا فون ہے جو کاغذ کی طرح فولڈ ہوکر آدھا رہ جاتا ہے۔ دوسری تصویر میں ایک فون ہے جسے ’’ہائبرڈ ٹیبلٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ہائبرڈ، دو خواص والی کسی شے کو کہا جاتا ہے۔

تجزیہ کاروں نے ان پیٹنٹ خاکوں کو بغور دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ فون کے بیک پینل پر دو کیمرے ہیں۔ فولڈ ہونے پر اس کا اگلا حصہ معلومات دکھاتا ہے جن میں وقت اور تاریخ ظاہر ہورہی ہوتی ہیں۔ میش ایبل ویب سائٹ کے مطابق ایل جی بھی اب فولڈایبل فون کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کا مطلب ایسا آئی فون ہے جو آئی پیڈ بھی بن سکتا ہے۔

اس طرح سام سنگ اور دیگر بڑے اداروں کی طرح ایل جی بھی اب فولڈ ہوجانے والے فون پر کام کررہا ہے۔ واضح رہے کہ سام سنگ اس سال فولڈ ہونے والے فون پر کام کررہا ہے۔ شاید اسے گیلکسی ایس کا نام دیا جائے گا۔

اسی طرح ایپل نے بھی ایک پیٹنٹ دائر کی ہے جس میں کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والا ایک فون دیکھا جاسکتا ہے۔