خبرنامہ

بارود اورمنشیات کا سراغ لگانے والا ڈرون تیار

تل ابيب:
آئے دن آپ ڈرون کے متعلق حیرت انگیز خبریں پڑھتے رہتے ہیں لیکن اب ایسا ڈرون بھی بنالیا گیا ہے جو کئی کلومیٹر دوری سے منشیات اور بارودی مواد کو شناخت کرسکتا ہے۔

اسرائیلی کمپنی کے تیارکردہ اس ڈرون کو ’’اسپیکٹروڈرون‘ کا نام دیا گیا ہے جو کئی مختلف ویولینتھ ( طول موج) کی لیزر خارج کرتا ہے۔ اس میں موجود لیزر رینج فائنڈر، تفصیلی کیمرہ، اسپیکٹرومیٹر اور سافٹ ویئر اور الگورتھم ملکر خطرناک اجزا کی شناخت ممکن بناتے ہیں۔ ڈرون پرنصب یہ نظام خودکار انداز میں کسی خطرے کا تجزیہ کرتا ہے اور 3 کلومیٹر کے دائرے کا جائزہ لیتے ہوئے ہاتھوں ہاتھ اس کی اطلاع کنٹرول روم تک پہنچاتا ہے۔
ڈرون میں جدید اسپیکٹروسکوپی تکنیک استعمال کی جاتی ہے جس میں ایل آئی بی ایس، رامن اسپیکٹرواسکوپی اور فلوریسنس ( چمک) پھانپنے والے نظام سے مدد لی جاتی ہے۔ ایل ڈی ایس کے سربراہ کے مطابق یہ دہشتگردی کے خلاف استعمال ہونے والی ایک زبردست اور قابلِ اعتبار ٹیکنالوجی ہے۔

اپنی ٹیکنالوجی کی بدولت یہ ڈرون ٹھوس، مائع اور گیس کی صورت میں دھماکا خیز مواد اور زہریلا مواد شناخت کرسکتا ہے اور اسے فوجی اور شہری دونوں طرح کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی خطرے کی صورت میں یہ کنٹرول روم تک تفصیلی تصاویر اور معلومات روانہ کرتا ہے۔ اس کا لیزر سسٹم کسی روبوٹ اور کار پر بھی نصب کیا جاسکتا ہے۔