خبرنامہ

تھری ڈی پرنٹر کا کمال؛ مصنوعی ہڈی اصل کا حصہ بن گئی

تھری ڈی پرنٹر کا کمال؛ مصنوعی ہڈی اصل کا حصہ بن گئی
پرتھ:(ملت آن لائن)اگر ہڈی میں بال آجائے یا معمولی فریکچر ہوجائے تو ہڈی کچھ ہفتوں میں ازخود ٹھیک ہوجاتی ہے لیکن شدید متاثر ہونے کی صورت میں اسے دھاتی پلیٹوں اور نٹ بولٹ سے جوڑنا پڑتا ہے جو تکلیف دہ اور مہنگا عمل ہوتا ہے لیکن اب تھری ڈی پرنٹر سے بنی مصنوعی ہڈی کا ایک ٹکڑا جب پیوندکاری کے ذریعے لگایا گیا تو وہ خود اس ہڈی سے جڑ کر اس کا حصہ بن گیا۔ کچھ عرصہ قبل ایک بچے کے حلق کے متاثرہ حصے پر تھری ڈی پرنٹر سے بنا ایک ٹکڑا کامیابی سے جوڑا گیا تھا لیکن یونیورسٹی آف سڈنی کی پروفیسر ہالہ زریقت اور ان کے ساتھیوں نے تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے ایک خاص مٹیریل سے ہڈی کا ٹوٹا ہوا حصہ بنایا اور اسے خرگوش کے جسم میں لگایا تو اس کے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوئے۔ اس کامیابی کے بعد ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے اس ٹیم نے ایک بھیڑ کی ٹانگ کے فریکچر کو درست کیا اور اس طرح روایتی علاج کے بجائے تھری ڈی پرنٹڈ پیوند کاری کی اہمیت سامنے آئی ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر 8 بھیڑیں پیوند لگنے کے فوراً بعد ہی چلنے پھرنے کے قابل ہوگئیں۔ ماہرین نے نوٹ کیا کہ تھری ڈی پرنٹر سے بنی مصنوعی ہڈی لگانے کے 3 ماہ بعد فریکچر کا زخم 25 فیصد تک ٹھیک ہوگیا اور ایک سال کے دوران اس میں 88 فیصد بہتری پیدا ہوئی۔ جب بھیڑوں کے ایکسرے لیے گئے تو معلوم ہوا کہ اصل ہڈی دوبارہ اگنے لگی اور سرامک سے بنا پیوند یا ہڈی کا ٹکڑا دھیرے دھیرے اس کا حصہ بن گیا۔ قبل ازیں تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے خون کی مصنوعی نالیاں اور شریانیں بنانے میں بھی خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے جب کہ جولائی میں ماہرین نے ایک تھری ڈی پرنٹر سے مصنوعی دل بھی تیار کیا تھا۔ توقع ہے کہ اس ایجاد سے مستقبل میں دل کے ان مریضوں کےلیے امید کی کرن پیدا ہوگی جو آج دل کے عطیے کے انتظار میں اس دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔