خبرنامہ

جاسوسی سے محفوظ موبائل فون تیار

دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) سائبر سکیورٹی کے شعبے میں اہم مقام رکھنے والی اماراتی کمپنی ’ڈارک میٹر‘ نے دنیا کا محفوظ ترین موبائل فون متعارف کروانے کا دعوٰی کر دیا، اور دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس انتہائی خاص موبائل فون کے طلبگار ہیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا موبائل فون KATIMدنیا کا محفوظ ترین کمیونیکیشن ڈیوائس ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات میں بنایا جانے والا پہلا موبائل فون ہے، لیکن اس کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے کہ یہ اسرائیلی کمپنیوں کی جاسوسی سے بھی محفوظ ہے، جو کہ ڈیٹا ڈی کوڈ کرنے کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتی ہیں۔ یہ موبائل فون محفوظ رابطے کے لئے دنیا بھر میں استعمال ہوسکتا ہے، لیکن اس کی ملکیت صرف اعلیٰ ترین حکومتی و سکیورٹی اہلکاروں تک ہی محدود ہوگی۔

گزشتہ ہفتے سپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگرس 2017 ءمیں اسے ہیکنگ کے ٹیسٹ کے لئے پیش کیا گیا تو دنیا بھر کے قابل ترین اخلاقی ہیکروں نے اس کے سکیورٹی فیچرز کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔ اس موبائل فون میں یہ خوبی بھی ہے کہ اگر کوئی غیر متعلقہ عامل اس تک رسائی حاصل کر بھی لے تو یہ خود بخود تمام ڈیٹا تباہ کردیتا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سکیورٹی ٹیم کو حکم دے دیا ہے کہ اس موبائل فون کا پتا کریں اور اسے ٹیسٹ کریں، تاکہ وہ اسے خرید سکیں اور استعمال کرسکیں۔