خبرنامہ

جاپان ، زیرِ زمین ریلوے اسٹیشن میں روبوٹ خدمات سر انجام دینگے

ٹوکیو۔(ملت آن لائن) جاپان کی بلدیاتی حکومت نے کہا ہے کہ زیر زمیں تعمیر کئے جانے والے ریلوے اسٹیشن میں روبوٹ خدمات سر انجام دینگے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوکیو بلدیہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی حکومت زیر زمین تیار کئے جانے والے 6 اسٹیشنوں پر نومبر کے اواخر سے تین ماہ کیلئے روبوٹس کی خدمات حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ زیرِ زمین ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرعنقریب روبوٹس سے بھی مدد حاصل کر سکیں گے۔ مذکورہ روبوٹس مسافروں کو قریبی واش روم یا ٹرین سے باہرنکلنے کا بہترین راستہ استعمال کرنے کی تلاش جیسے معاملات میں معاونت کریں گے۔دیگر روبوٹس سلامتی کی خدمات انجام دیں گے جبکہ کئی روبوٹس اسٹیشنوں پر گشت کریں گے اور مْشتبہ چیزوں کا کھوج لگا کر تعینات انسانی عملے کو مطلع بھی کریں گے۔