ٹوکیو۔(ملت آن لائن) جاپان نے گلوبل پوزیشننگ سسٹم جی پی ایس کے خود اپنے نظام کا آغاز کر دیا ہے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ نیا نظام زمین کے گرد مدار میں موجود 4 میچی بیکی مصنوعی سیارے استعمال کرتا ہے۔ چوتھا مصنوعی سیارہ گزشتہ سال اکتوبر میں خلا میں بھیجا گیا تھا۔ میچی بیکی مصنوعی سیارے امریکی مصنوعی سیاروں کے ساتھ اضافی طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔چاروں میں سے ایک مصنوعی سیارہ ہر وقت جاپان کے اوپر موجود رہے گا۔ مصنوعی سیارے کے سگنل زمین پر ایسے زاویے سے آئیں گے کہ بلند عمارات ان کی راہ میں حائل نہ ہوں۔ نئے سگنل وصول کرنے کی صلاحیت کے حامل سمارٹ فون اور کار نیوی گیشن سسٹم، اپنی موجودگی کے مقام کو زیادہ بہتر اور مستحکم انداز میں دکھا سکیں گے۔یہ مصنوعی سیارے خصوصی ٹریکنگ سگنل بھی نشر کرتے ہیں، جن سے پوزیشن میں غلطی کا امکان اب تک کے تقریباً 10 میٹر سے کم ہو کر چند سینٹی میٹر رہ گیا ہے۔ یہ نیا فنکشن خودکار طور پر چلنے والی گاڑیوں، اور ٹریکٹروں اور چاول کی کٹائی کی مشینوں جیسی مکمل خودکار زرعی مشینری میں استعمال کیے جانے کی توقع ہے.