لاس ویگاس: (ملت+اے پی پی) اب وہ زمانہ ختم ہوگیا جب لوگ لیپ ٹاپ کو کسی بیگ میں لادے ایک سے دوسری جگہ جاتے تھے ، اب تو ایسے کمپیوٹر تیار ہوگئے ہیں۔ جو آپ کی جیب میں بھی آجاتے ہیں۔جی ہاں معروف کمپنی انٹیل نے اپنا منی کمپیوٹر متعارف کرایا ہے جس کا حجم ایک کریڈٹ کارڈ جتنا ہے جبکہ موٹائی اس سے تھوڑی زیادہ ہے ۔یہ کمپیوٹر لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو کے دوران متعارف کرایا گیا۔کسی کارڈ کی طرح نظر آنے والا یہ کمپیوٹر کسی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر سے کم نہیں جس میں انٹیل کا سیونتھ جنریشن کیبی لیک پراسیسر موجود ہے جبکہ میموری، بلیو ٹوتھ، سٹوریج اور وائرلیس کنکٹیویٹی جیسے فیچرز بھی ہیں۔مگر یہ ڈیوائس عام صارفین کے لیے نہیں بلکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ننھی مشین کو کمپنیوں کو فروخت کیا جائے گا جو اسے دیگر ڈیوائسز میں فٹ کرسکیں گی۔ یہ کارڈ پرانے کمپیوٹرز کی زندگی بڑھانے کے کام بھی آسکے گا۔اس کی لمبائی 3.7 انچ جبکہ موٹائی 0.2 انچ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس میں یو ایس بی اور دیگر پورٹس موجود نہیں۔اسے کسی بڑی ڈیوائس میں پلگ ان کیا جاسکتا ہے بالکل سمارٹ کارڈز کی طرح۔کمپنی کا ماننا ہے کہ یہ مستقبل کا کمپیوٹر ہے جسے ڈرونز، روبوٹس، ڈیجیٹل سائنز اور دیگر ڈیوائسز میں لگایا جاسکے گا۔اس کمپیوٹر کی فروخت 2017 کے وسط میں شروع ہوگی تاہم قیمت کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا۔