سیاٹل:(ملت+اے پی پی) دنیا زمانے کی مصنوعات آن لائن فروخت کرنے والی مشہور کمپنی ایمیزون نے امریکی شہر سیاٹل میں دنیا کا ذہین ترین سپر اسٹور کھولنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 1800 مربع فٹ پر پھیلے ہوئے اس گروسری اسٹور میں جانے والے خریدار اپنی پسند یا ضرورت کی چیزیں اٹھائیں گے، ٹرالی میں ڈالیں گے اور کوئی کسی بھی کاؤنٹر پر کوئی ادائیگی کیے بغیر باہر نکل آئیں گے کیونکہ ان کی خریدی ہوئی چیزوں کی قیمت اور ادائیگی کا سارا حساب یہ اسٹور خود ہی رکھے گا۔ البتہ یہاں جانے والے خریدار کے موبائل پر ’’ایمیزون گو‘‘ نامی ایپ لازماً موجود ہونی چاہیے کیونکہ گروسری اسٹور سے رابطہ رکھنے، حساب کرنے اور خریدار کے ’’ایمیزون پرائم اکاؤنٹ‘‘ سے براہِ راست ادائیگی کا سارا کام یہی ایپ کرے گی۔ اسی مناسبت سے اس گروسری اسٹور کو ’’ایمیزون گو اسٹور‘‘ کا نام بھی دیا گیا ہے جو سیاٹل میں ایمیزون کمپنی کے ہیڈ آفس کے قریب بنایا گیا ہے لیکن فی الحال یہاں سے صرف ایمیزون کے ملازمین ہی خریداری کرسکتے ہیں جب کہ عام خریداروں کے لیے یہ اسٹور 2017 کی ابتداء میں کھول دیا جائے گا۔ ایمیزون کا منصوبہ ہے کہ آئندہ 4 سال کے دوران پورے امریکا میں ایسے ہی 2 ہزار ’’ایمیزون گو اسٹورز‘‘ کھولے جائیں جہاں روزمرہ گھریلو استعمال کی چیزیں، خاص طور پر تازہ سبزیاں، پھل اور گوشت وغیرہ دستیاب ہوں گے۔