نیویارک(ملت مانیٹرنگ ڈیسک) عظیم سائنسدان جان گڈ انف نے لیتھیئم بیٹری ایجاد کرکے دنیا کو جدت کی نئی راہوں سے روشناس کروایا لیکن ان کی ایجاد کردہ لیتھیئم بیٹری میں کچھ نقائص تھے جن میں ایک اس کا جل جانا، یا پھٹ جانا بھی تھا۔ اب 94سال کی عمر میں جان گڈانف نے ایک اور بیٹری ایجاد کر ڈالی ہے جو نہ صرف اس نقص سے پاک ہے بلکہ اسے ریچارج کرنے میں بھی انتہائی کم وقت درکار ہو گا اور اس کی عمر بھی لیتھیئم بیٹری سے کہیں زیادہ ہو گی۔ ان کی اس نئی ایجاد کا اعلان یونیورسٹی آف ٹیکساس کی ویب سائٹ utexas.edu پر کیا گیا ہے جہاں وہ کاکریل سکول آف انجینئرنگ میں پروفیسر بھی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پروفیسر جان گڈ انف کی زیر قیادت سائنسدانوں کی ٹیم کی ایجاد کردہ یہ بیٹری ’آل سولڈ سٹیٹ‘ (all-solid-state)بیٹری سیل ہے جو حفاظت، توانائی محفوظ کرنے کی گنجائش اور اپنی عمر کے حوالے سے لیتھیئم بیٹری سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ قیمت میں بھی اس سے سستی ہو گی اور اس کی نسبت بہت کم وقت میں ری چارج ہوگی۔انرجی اینڈ انوائرنمنٹل سائنس نامی جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں جان گڈانف بتایا ہے کہ ”یہ نئی بیٹری لیتھیئم بیٹری کی نسبت 3گنا زیادہ توانائی محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ہمیں یقین ہے کہ موجودہ بیٹری سے صارفین کو جو مسائل پیش آ رہے ہیں اس بیٹری کی ایجاد سے ان کا خاتمہ ہو جائے گا۔“