خبرنامہ

دنیا کا سب سے چھوٹا کرسمس کارڈ تیار

دنیا کا سب سے چھوٹا کرسمس کارڈ تیار

لندن:(ملت آن لائن) برطانوی ماہر نے دنیا کا سب سے چھوٹا کرسمس کارڈ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، ایک عام ڈاک ٹکٹ پر ایسے 20 کروڑ کارڈ رکھے جاسکتے ہیں۔

اسے برطانیہ کی نیشنل فزیکل لیبارٹری (این پی ایل) کے ڈاکٹر ڈیوڈ کوکس نے سلیکان نائٹریٹ سے بنایا ہے جس پر پلاٹینم کی باریک پرت چڑھائی گئی ہے۔ اس کارڈ پر برفانی آدمی دیکھا جاسکتا ہے جس کے نیچے ’سیزنز گریٹنگز‘ لکھا گیا ہے جبکہ کارڈ کھلتا ہے اور اس کے اندر بھی مبارک باد کا پیغام تحریر ہے۔

ڈاکٹر ڈیوڈ کوکس کے ساتھی ڈاکٹر کِن مینگارڈ نے بھی اس پر کام کیا ہے اور یہ ٹیکنالوجی دیگر بہت سے کاموں کےلیے استعمال ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر مینگارڈ نے کہا ہے کہ ہم نے ایسے آلات استعمال کیے ہیں جو بہت چھوٹی چیزوں کی لمبائی اور چوڑائی وغیرہ ناپنے کے کام آتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی سے ہم نئی بیٹریاں اور سیمی کنڈکٹر آلات بناسکتے ہیں جبکہ اس کے دیگر کئی استعمال ہوسکتے ہیں۔

قبل ازیں دنیا کے سب سے چھوٹے کرسمس کارڈ کی چوڑائی 200 مائیکرو میٹر اور لمبائی 209 مائیکرو میٹر تھی لیکن یہ کارڈ اس سے بھی 100 گنا چھوٹا ہے۔ یہ کارڈ اتنا چھوٹا ہے کہ اگر آپ کے پاس اوسط جسامت کا ڈاک ٹکٹ ہے تو اس پر ایسے 20 کروڑ کارڈ سما سکتے ہیں۔

کارڈ کے باہر سیزنز گریٹنگز کے علاوہ اندر بھی مبارک باد کا پیغام لکھا گیا ہے جسے آئن بیم کی بوچھاڑ سے نقش کیا گیا ہے۔