خبرنامہ

سال کا پہلا مکمل چاند گرہن کل پورے پاکستان میں دیکھا جاسکے گا

سال کا پہلا مکمل چاند گرہن کل پورے پاکستان میں دیکھا جاسکے گا

کراچی:(ملت آن لائن) 31 جنوری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں چاند گرہن کا یادگاراور دلفریب واقعہ رونما ہوگا جسے ’سپر بلڈ بلیو مون‘ بھی کہا جارہا ہے۔ گزشتہ 150 سال میں ایسا واقعہ کبھی رونما نہیں ہوا اور بدھ کے روز مغربی شمالی امریکہ، ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور روس کے علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔ اس مکمل چاند گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ ایک جانب تو یہ مکمل چاند یعنی ’’بدر‘‘ ہوگا۔ دوم یہ سپرمون بھی ہے یعنی عام حالات کے مقابلے میں یہ 14 فیصد بڑا دکھائی دے گا اور اس پر چاند کو گرہن لگنے کا منظر ایک دلفریب نظارہ پیش کرے گا۔ اس دوران زمین کا سیہ چاند پر پڑنے سے اس کی رنگت سرخی مائل دکھائی دے گی۔ ان تمام مظاہر کی بنیاد پر اسے ’’سپر بلیو بلڈ مون‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ تاریخی لحاظ سے 1866 میں ایسا نظارہ دیکھا گیا تھا۔
اسی بنا پر دنیا بھر کے ماہرِین فلکیات اور دیگر افراد بے تابی سے اس کا انتظار کررہے ہیں۔ 31 جنوری کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق چاند کو اس وقت گرہن لگنا شروع ہوجائے گا جب وہ افق پر نمودار بھی نہیں ہوا ہوگا۔ تاہم کراچی کے افراد اس وقت اسے ضرور دیکھ سکیں گے جب چاند کو گرہن لگ چکا ہوگا۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس روز کراچی کا مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کے شائقین سپربلیومون کے چاند گرہن کو 6 بج کر 29 منٹ سے دیکھ سکیں گے ۔ اگرچہ یہ عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہوگا لیکن اس وقت چاند افق سے نیچے ہوگا اور دکھائی نہیں دے گا۔ تاہم 6 بج کر 29 منٹ پر چاند پورے گرہن کی حالت میں ہوگا اورسات بج کر سات منٹ پر گرہن اترنا شروع ہوگا اور قریباً نو بجے تک مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ اسی طرح تھوڑے سے وقت کے فرق سے یہ نظارہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی نظر آئے گا۔ اسے کسی اچھی دو چشمی دوربین سے دیکھنا بھی ایک دلچسپ تجربہ ہوسکتا ہے۔