خبرنامہ

سام سنگ نے گلیکسی S8 کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا

سیﺅل(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کے گلیکسی سمارٹ فونز کے مداحوں کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور کمپنی کی طرف سے نئے ماڈل گلیکسی ایس 8کو متعارف کیے جانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ کمپنی کی طرف سے ایس 8موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش نہیں کیا گیا تاہم کمپنی کے عہدیداروں نے الگ سے پریس کانفرنس کرکے اس کی لانچنگ کے متعلق بتا دیا ہے۔ عہدیداروں نے گلیکسی ایس 8کا نام لیے بغیر میڈیا کو بتایا کہ کمپنی اپنا فلیگ شپ فون 29مارچ کو مارکیٹ میں متعارف کروانے جا رہی ہے۔
اس موقع پر عہدیداروں کی طرف سے ایس 8کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ’ ایج ٹو ایج‘(Edge-to-edge)ڈسپلے کا حامل سمارٹ فون ہے۔فیچرز :گلیکسی ایس 8 کا سائز 5 اعشاریہ 5 انچ ہو گا جبکہ سام سنگ اس کے ساتھ 6 اعشاریہ 2 انچ سائز رکھنے والا گلیکسی ایس 8 پلس بھی متعارف کروا رہا ہے۔ نئے گلیکسی ایس 8 اور ایس 8 پلس میں متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو کہ پہلے کسی بھی سمارٹ فون میں شامل نہیں ہیں۔
دونوں سمارٹ فونز میں آئرس سکینر کا استعمال کیا گیا ہے۔دونوں میں 12 میگا پکسل کا بیک اور 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ نصب کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی فون میموری بھی رکھی گئی ہے ، ایک خوبی جو دونوں سمارٹ فونز کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ دونوں واٹر اور ڈسٹ پروف ہیں ، اور پہلی بار وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی متعارف کروائی گئی ہے۔