خبرنامہ

سام سنگ گیلکسی ایس 8 کے پانچ بہترین فیچرز

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے آخرکار اپنی اہم ترین ایجاد فروخت کے لیے پیش کرہی دی جو نیا گیلکسی ایس 8 ہے جس کے 5 بہترین فیچرز ایسے ہیں جس کے متعلق کہا جارہا ہےکہ یہ آئی فون کو بھی پیچھے کرسکتے ہیں۔

کچھ ماہ قبل نوٹ 7 فون کی بیٹری از خود جلنے سے نہ صرف سام سنگ کو شدید خفت اٹھانا پڑی تھی بلکہ اسے شدید مالی نقصان بھی سہنا پڑا تھا تاہم اب جنوبی کوریا کی اس کمپنی نے اپنے نئے ماڈل کو اسمارٹ فون کی دنیا میں ایک نئے ڈیزائن کے عہد سے تعبیر کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سام سنگ 8 اور 8 پلس فون اگلے آئی فون 7 کو مات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق نئے اسمارٹ فون کے درج ذیل 5 نئے فیچر ایپل آئی فون سےکئی گنا بہتر ہیں۔

1: انفنیٹ ڈسپلے ( خمیدہ اسکرین)

سام سنگ گیلکسی ایس 8 اورایس 8 پلس فون کا سب سے قابلِ ذکر فیچر ’’انفنٹی ڈسپلے‘‘ ہے ۔ اس کا پورا فرنٹ شیشے کا بنا ہوا ہے اور کناروں سے خمیدہ ہے یعنی اس کا ڈسپلے کناروں سے مڑا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ سام سنگ نے ہوم بٹن ختم کردیا ہے اور اسکرین کے نیچے دباؤ محسوس کرنے والا ایک سیکشن لگایا ہے جو ہوم بٹن کی جگہ استعمال ہوسکتا ہے۔

انفنیٹی ڈسپلے کی وجہ سے اب سام سنگ ڈسپلے کی گنجائش بڑھ گئی ہے۔ ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کا اسکرین سائز بالترتیب 5.8 اور 6.2 ہوگیا ہے جب کہ فون کی جسامت میں کوئی اضافہ نہیں کرنا پڑا ہے۔

2: بکس بائی ڈجیٹل اسسٹنٹ

گیلکسی ایس 8 میں سام سنگ نے بکس بائی ڈیجیٹل اسسٹنٹ متعارف کرایا ہے جو ایپل کے وائس کمانڈ سسٹم سائری سے مشابہہ ہے۔ اس کے ذریعے صارفین تصاویرسرچ کرنے، جیولوکیشن معلوم کرنے اور قریب موجود سہولیات کا جائزہ لے سکیں گے۔ اس کے لیے فون مصنوعی ذہانت ( اے آئی) استعمال کرتا ہے۔

3:چہرے کی شناخت اور آئرس اسکینر

سام سنگ نے اپنے بدنصیب نوٹ 7 فیبلٹ سے ایک ایجاد گیلکسی ایس 8 میں شامل کی ہے جو آئرس اسکینر ہے۔ اس میں چہرہ شناخت کرنے والا ( فیشل ریکگنیشن) نظام ہے جو آپ کا چہرہ دیکھتے ہی فون کو ان لاک کردیتا ہے اور اس طرح آپ کے رخِ روشن سے یہ فون کھل جائے گا۔

سام سنگ کے مطابق سیکیورٹی کا یہ فیچر اس سے قبل کبھی کسی اسمارٹ فون کا حصہ نہیں رہا ہے۔

4: ڈیکس اسٹیشن

سام سنگ اپنے نئے ایس 8 فون کے ساتھ ایک ڈیکس اسٹیشن بھی پیش کررہا ہے جو اسمارٹ فون کو ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر میں تبدیل کرکے اسے ایک مکمل پی سی میں تبدیل کردیتا ہے۔ اب یہ کمپنی مائیکروسوفٹ کے ساتھ کام کرکے اس میں ایکسل، پاور پوائنٹ اور دیگر سافٹ ویئر بھی متعارف کرارہی ہے۔

5: کبھی نہ جلنے والی بیٹری

نوٹ 7 کی بیٹری میں آگ لگنے کے بے شمار واقعات نے سام سنگ کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور وہ سارے فون کمپنی کو واپس لے کر عوام کو رقم واپس کرنی پڑی تھی۔ اب دن رات کی محنت کے بعد سام سنگ نے کہا ہے کہ بلند کارکردگی والی بیٹری کے ڈیزائن میں ایک خرابی تھی جس سے وہ جل کر بھڑک رہی تھیں۔

سام سنگ کے مطابق اس نے 8 پوائنٹ بیٹری سیفٹی چیک کے ذریعے اپنی نئی بیٹریوں کو اچھی طرح چیک کیا ہے تاکہ بیٹری کا بلند معیار حفاظت کے ساتھ برقرار رکھا جاسکے۔ اس کے بعد ایکسرے اور انسانی آنکھوں سے بھی بیٹری کا بغور مطالعہ کیا گیا۔ اب سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ گیلکسی ایس 8 اور ایس 8 پلس کی بیٹریاں بالکل محفوظ ہیں اور جل کر تباہ نہیں ہوں گی۔