خبرنامہ

ساٹھ پیسے فی کلومیٹر کے حساب سے چلنے والی سی این جی موٹرسائیکل

نئی دہلی:(ملت+اے پی پی) بھارتی دارالحکومت دہلی کے بعد اب پونا میں بھی موٹر سائیکلوں کےلئے سی این جی کٹ پیش کردی گئی ہے جو 2 سی این جی سلنڈروں پر مشتمل ہے جبکہ ہر سلنڈر کی گنجائش 1.2 کلوگرام ہے۔ موٹر سائیکل میں سی این جی کٹ نصب ہونے کے بعد وہ 1 کلوگرام سی این جی میں 120 سے 130 کلومیٹر تک جاسکے گی جبکہ سی این جی کا خرچ صرف 60 پیسے فی کلومیٹر ہوگا۔ بھارت میں مقامی طور پر تیار کی جانے والی اس موٹر سائیکل سی این جی کٹ کی قیمت تقریباً 60 ہزار روپے ہے۔ بھارت وہ پہلا ملک نہیں جس نے موٹرسائیکلوں کےلئے سی این جی کٹ تیار کی ہے، اس سے قبل مصر اور لاطینی امریکا کے ممالک بھی موٹر سائیکلوں کےلئے سی این جی کٹس تیار کرچکے ہیں جو وہاں کامیابی سے استعمال ہورہی ہیں۔ بھارت میں آلودگی کا مسئلہ قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے جسے حل کرنے کےلئے وہاں کی وزارت برائے ماحولیات مختلف کوششوں میں مصروف ہے۔ موٹر سائیکلوں میں سی این جی کٹ کی تنصیب بھی ان ہی کوششوں کا حصہ ہے جس کا آغاز جولائی 2016 میں دہلی سے کیا گیا تھا جب کہ اب پونا وہ دوسرا بھارتی شہر بن گیا ہے جہاں سی این جی والی موٹر سائیکلیں چلائی جارہی ہیں۔