خبرنامہ

سمارٹ فون کے ساتھ منسلک ڈیوائس سے مردوں کی تولیدی صلاحیت معلوم کرنے کا طریقہ دریافت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سمارٹ فون کے ساتھ ایک ڈیوائس منسلک کرکے مردوں کی تولیدی صلاحیت انتہائی درستگی کے ساتھ معلوم کرنے کا طریقہ دریافت کر لیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق، اس ڈیوائس کی مدد سے حاصل ہونے والے نتائج 98 فیصد درست ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون کے ساتھ منسلک ہونے والی اس ڈیوائس میں اسپرم کا نمونہ ڈالا جاتا ہے جس کے بعد ایک ایپلی کیشن کے ذریعے اس نمونے کا تجزیہ کرکے نتائج حاصل کیے جا تے ہیں، یہ ٹیسٹ ہوم پریگننسی ٹیسٹ جیسا ہی ہے۔ 2010ءمیں عالمی سطح پر کی جانے والی ایک تحقیق کے دوران معلوم ہوا تھا کہ دنیا بھر کے تقریباً 45 ملین جوڑے بے اولاد تھے۔ تحقیق کے مطابق اولاد کے نہ ہونے کے عام کیسز میں 30 فیصد مسئلہ مردوں کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ تحقیق کے دوران مجموعی کیسز میں مسئلہ 50 فیصد مردوں کے ساتھ تھا۔

تولیدی صلاحیت معلوم کرنے کی ٹیکنالوجی عام ہونے میں ابھی کچھ سال کا عرصہ ہے لیکن ڈیوائس کی تیاری میں مصروف ٹیم کو امید ہے کہ ٹیسٹ کا یہ نیا طریقہ مردوں کیلئے سستا ہوگا اور ٹیسٹ کرانے کیلئے انہیں کلینک جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔