خبرنامہ

سنگا پور میں 2030 ء میں ڈرون ٹیکسی سروس کام شروع کردے گی

سنگاپور(ملت + آئی این پی) سنگاپور سال 2030 میں ڈرون ٹیکسیوں کا استعمال شروع کر دے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایشیائی ملک سنگاپور میں ٹریفک اور رسل رسائل میں سہولت کے لئے سال 2030 میں اڑنے والی ٹیکسیوں کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔سنگاپور کی وزارت رسل ورسائل مسافر بردار ڈرون ٹیکسیوں کے لئے مختلف فرموں کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزارت کے سیکرٹری پانگ کن کیونگ نے کہا ہے کہ سال 2030 میں سنگاپور میں فضائی رسل و رسائل ایک معقول ترجیح ہو گی۔سنگاپور کے جغرافیائی اعتبار سے چھوٹے لیکن بھاری آبادی والا ملک ہونے کی طرف نگاہ ڈالی جائے تو بھاری ٹریفک ہمیشہ سے حکومت کے لئے ایک اہم مسئلہ رہی ہے۔سنگاپور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لئے گاڑیوں کے مالکان سے بھاری ٹیکس وصول کرتا ہے اور ٹریفک کو کم مصروف راستوں کی طرف موڑنے کے لئے آٹو میٹک سسٹم کا استعمال کر رہا ہے۔اس کے علاوہ مسئلے کے حل کی تلاش کے لئے بغیر ڈرائیور کے گاڑیوں اور ٹیکسیوں کی بھی اجازت دی جا رہی ہے۔