خبرنامہ

سیکیوریٹی کیمروں کودھوکا دینے والا لباس تیار

برلن:(ملت+اے پی پی) ایک جرمن فیشن ڈیزائنر نے ایسا لباس تیار کرلیا ہے جو چہرے پہچاننے والے خودکار سیکیوریٹی کیمروں کو دھوکا دے سکتا ہے۔ دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ اس لباس کی ڈیزائننگ میں کوئی جدید ٹیکنالوجی استعمال نہیں کی گئی بلکہ جرمن فیشن ڈیزائنر ایڈم ہاروے نے کمپیوٹر میں انسانی چہرے شناخت کرنے کی صلاحیت سے متعلق اپنی معلومات سے فائدہ اٹھایا ہے۔ اس لباس پر ایسے عجیب و غریب نقش و نگار بنے ہوئے ہیں جو دور سے دیکھنے پر بھوتوں کے چہروں کی طرح نظر آتے ہیں اور جب یہ کوئی شخص یہ لباس پہن کر خودکار سیکیوریٹی کیمرے کے سامنے سے گزرتا ہے تو کیمرے سے منسلک، انسانی چہروں کو پہچاننے والا نظام یوں سمجھتا ہے جیسے ایک ہی جگہ بہت سارے انسانی چہرے موجود ہیں اور یوں وہ ان نقوش و نگار سے دھوکا کھاجاتا ہے اور اصل انسانی چہرے کو شناخت کرنے میں غلطی کر جاتا ہے۔
سیکیوریٹی سے وابستہ ماہرین نے اس لباس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کے استعمال میں آکر یہ نیا ہتھیار بن سکتا ہے اور حفاظت پر مامور عملے کےلئے چیلنجوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ اسی لئے بہتر ہے کہ اس لباس کی ترویج اور تشہیر سے گریز کیا جائے۔ البتہ اب تک کئی ذرائع سے اس عجیب و غریب لباس کے بارے میں خبریں اور تصاویر سامنے آچکی ہیں جن کے باعث یہ خدشہ ہے کہ جرائم پیشہ، دہشت گرد اور شرپسند طبقہ اس طرف متوجہ ہونے میں دیر نہیں لگائے گا۔