خبرنامہ

عقابی نظروں والا انتہائی چھوٹا اسمارٹ کیمرا تیار

جرمنی: (مانیٹرنگ ڈیسک) یونیورسٹی آف اسٹٹگارٹ، جرمنی کے انجینئروں نے ایک ایسا ننھا منا کیمرا ایجاد کیا ہے جو کسی بڑے منظر کو واضح طور پر دیکھتے ہوئے اس کے کسی مخصوص حصے کو زیادہ تفصیل اور جزئیات کے ساتھ دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس انداز سے دیکھنے کی صلاحیت عقابوں کی آنکھوں میں سب سے زیادہ ہوتی ہے جو ایک بڑے منظر پر نگاہیں مرکوز رکھتے ہوئے اپنے شکار کو زیادہ تفصیل سے دیکھ سکتے ہیں اور اسی بناء پر وہ شکاری پرندوں میں بہترین قرار دیئے جاتے ہیں۔ یہ صلاحیت انسانی آنکھ میں بھی ہوتی ہے لیکن کم فاصلے تک کے لیے۔

عقابی آنکھوں کی نقالی کرتے ہوئے جرمن ماہرین نے 4 چھوٹے چھوٹے عدسوں پر مشتمل ایک ایسا کیمرا ایجاد کیا ہے جس کے 3 عدسے سامنے موجود منظر کا وسیع تر احاطہ کرتے ہیں جب کہ چوتھا عدسہ اسی منظر کے ایک خاص حصے کو نمایاں اور واضح کرکے دکھاتا ہے۔ یہ چاروں عدسے تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔

اسے ایجاد کرنے والے انجینئروں کا کہنا ہے کہ یہ کیمرا سرجنز سے لے کر جاسوسی کرنے والے ڈرونز تک کے کام آسکتا ہے کیونکہ یہ جسامت میں اتنا چھوٹا ہے کہ اسے اینڈو اسکوپ کے روایتی کیمرے کی جگہ لگا کر جسم کا اندرونی جائزہ لینے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف کسی بلند پرواز خودکار طیارے (ڈرون) میں نصب یہی کیمرا نہ صرف ڈرون کو وسیع اور واضح منظر فراہم کرے گا بلکہ ساتھ ہی ساتھ ہدف کی بہتر نشاندہی کی صلاحیت سے بھی لیس کرے گا۔ اس ایجاد کی تفصیلات ہفت روزہ تحقیقی جریدے ’’سائنس‘‘ میں شائع ہوئی ہیں۔