خبرنامہ

فیس بک لایا خریدوفروخت کا پلیٹ فارم

سماجی ویب سائٹس کی دنیا کی سب سے مقبول سائٹ فیس بک نے اپنے یوزرز کے لیے مختلف اشیاء کی خریدوفروخت کا ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ فروخت اور خریداری کے مشہور ایپلی کیشن eBay کے مدمقابل لائے جانے والے فیس بک کے اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے لیے ایف بی کی جانب سے اپنے صارفین کو انوائٹ کیا جارہا ہے۔
استعمال کنندگان کو اس نئے پلیٹ فارم کی طرف متوجہ کرنے کے لیے فیس بک ایک نیا آئیکون ’’شاپ آئیکون‘‘ متعارف کرائے گی، جو اس سائٹ کے پیجز پر آنے والے نوٹیفیکشنز اور پیغامات کے آئیکون کے ساتھ نمودار ہوگا۔ یہ نیا آئیکون اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی موبائل ایپلی کیشن پر اسکرین کے نچلے حصے میں دکھائی دے گا۔ فیس بک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا متعارف کردہ نیا پلیٹ فارم آئندہ چند دنوں میں دست یاب ہوگا۔
فیس بک کے متعارف کردہ اس شاپنگ پلیٹ فارم پر استعمال کنندگان مختلف آئٹمز کی تصاویر دیکھ سکیں گے، جو ان کے قریبی اسٹورز پر دست یاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنی مطلوبہ مختلف پروڈکٹس کے بارے میں تفصیلات سرچ بھی کرسکیں گے۔
اس پلیٹ فارم کے وہ استعمال کنندگان جو اپنے آئٹمز فروخت کرنے میں دل چسپی رکھتے ہوں، صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنے آئٹم کی قیمت، وہ جہاں دست یاب ہے اس جگہ کا پتا اور دیگر ضروری تفصیلات اس پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔
اس ضمن میں فیس بک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیس وہ جگہ ہے جہاں لوگ ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران لوگوں کی بہت بڑی تعداد ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہوئے خریدوفروخت کی غرض سے فیس بک سے وابستہ ہوئی ہے اور اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ یہ سرگرمی فیس بک پر گروپس کی صورت میں جاری ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فروغ پارہی ہے۔
فیس بک کے خریدوفروخت کے حوالے سے بنائے جانے والے پیجز کا ہر ماہ 450 ملین افراد وزٹ کرتے ہیں۔ فیس بک نے اس رجحان کو پیش نظر رکھتے ہوئے مارکیٹ پلیس کے طور پر اپنا نیا پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جہاں لوگ اپنی مطلوبہ اشیاء اور وہ قریب ترین جگہیں دریافت کرسکیں گے جہاں یہ اشیاء دست یاب ہیں۔ ایف بی کا دعویٰ ہے کہ اس پلیٹ فارم کی مدد سے لوگوں کے لیے ایسی اشیاء تک رسائی آسان ہوجائے گی جنہیں وہ پسند اور تلاش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک کے سرگرم یوزرز کی تعداد 1.7بلین ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس سماجی ویب سائٹ کا خریدوفروخت کے لیے سامنے آنے والا پلیٹ فارم اس مقصد کے لے تشکیل کی جانے والی ایپلی کیشن eBay کے لیے چیلینج ثابت ہوگا۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کی متعارف کردہ مارکیٹ پلیس یا نیا پلیٹ فارم ابتدائی طور پر 18سال تک کی عمر کے استعمال کنندگان کے لیے برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں دست یاب ہوگا، جب کہ فیس بک کے ڈیسکٹوپ ورژن کے یوزرز کے لیے یہ پلیٹ فارم آئندہ چند ماہ کے اندر متعارف کرادیا جائے گا۔