خبرنامہ

فیس بک میسنجرپراب لائیو لوکیشن شیئرکریں

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک میسنجر پر اب آپ اپنے دوستوں کو نہ صرف براہ راست اپنے مقام سے متعلق آگاہ کرسکیں گے بلکہ آپ اپنی لوکیشن کا تبادلہ ایک گھنٹے تک کرسکیں گے۔

فیس بک کے اس نئے فیچر سے آپ کسی گنجان جگہ پر گم ہونے کی صورت میں اپنے دوستوں کو براہ راست اپنی لوکیشن کے بارے میں بتا سکتے ہیں اور اس فیچر کو آن کرتے ہی آپ ایک گھنٹے تک براہ راست لوکیشن سے آگاہ کرسکتے ہیں، یعنی آپ کے دوست آپ کے مقام کی جگہ ایک گھنٹے تک دیکھ سکیں گے۔

فیس بک کا لائیو لاکیشن آپشن استعمال کرنے کے لئے آپ میپ پر اپنی موجودہ لوکیشن دیکھیں گے جس پر نیلے رنگ کا ٹیپ آپشن موجود ہوگا جسے دبانے کے بعد آپ جہاں جہاں جائیں گے آپ کے دوستوں کو اس مقام پر پتا چلتا رہے گا اور اس کا دورانیہ ایک گھنٹے تک ہوگا اور جس دوست کو بھی آپ اپنی لوکیشن شیئر کریں گے اسے ٹھیک ٹھیک اس مقام کے بارے میں معلوم ہوتا رہے گا یہی نہیں بذریعہ کار اس مقام تک پہنچنے کے لئے جتنا وقت درکار ہوگا اس کا بھی پتہ چلے گا۔

نقشے کے بالکل نیچے ایک گھڑی ہوگی جس میں آپ کی لائیو لوکیشن کا دورانیہ آرہا ہوگا اور کسی بھی وقت آپ ٹیپ بٹن کو دوبارہ دبا کر آپشن کو بند بھی کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ لائیو لوکیشن کی سہولت گوگل میپ اور ایپل پہلے ہی صارفین کو فراہم کرچکے ہیں لیکن فیس بک میسنجر میں اس آپشن کے شامل ہونے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد اسے استعمال کرسکے گی۔