خبرنامہ

فیس بک پر اپنے ڈیٹا کی کاپی کیسے ڈاؤن لوڈ کی جائے؟

فیس بک پر اپنے ڈیٹا کی کاپی کیسے ڈاؤن لوڈ کی جائے؟

کراچی:(ملت آن لائن) فیس بک استعمال کرنے والے بہت سے صارفین ایسے بھی ہیں جو سوشل میڈیا کی اس ویب سائٹ سے بیزار ہیں اور یہ لوگ اپنا اکاؤنٹ وقتی طور پر غیرفعال کردیتے ہیں یا پھراسے ڈیلیٹ کردیتے ہیں۔

اگرچہ فیس بک صارفین کی تعداد تیزی سے بڑھتی جاری ہے اور اب یہ محض لوگوں سے تعلق جوڑنے کا ایک ذریعہ نہیں رہا بلکہ اس پر کئی اہم تعمیری پروگرام بھی منعقد ہوتے ہیں اور یہ معلومات اور علم کا ایک اہم ذریعہ بنتا جارہا ہے لیکن بے اعتدالی ہر شے کو ایک عادتِ بد میں بدل دیتی ہے اور یوں روزانہ کی بنیاد پر لوگ اپنا فیس بک اکاؤنٹ کو غیر فعال (ڈی ایکٹی ویٹ) کررہے ہیں یا اسے مستقل طور پر ڈیلیٹ کررہے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریا کے 25 ہزار سے زائد صارفین نے کمپنی پر ایک مقدمہ دائر کیا ہے جس میں کہا گیا کہ فیس بک غیرقانونی طور پر ان کی انٹرنیٹ عادات کو نوٹ کررہا ہے اور یہ ڈیٹا امریکی جاسوس پروگرام ’پرزم‘ استعمال کررہا ہے جب کہ یہ رحجان اور خدشات بھی لوگوں کو فیس بک کی جانب سے محتاط بنارہے ہیں۔

ڈیلیٹ یا ڈی ایکٹو

فیس بک اکاؤنٹ سے دور رہنے کے دو طریقے ہیں، یا تو آپ اپنا اکاؤنٹ بے عمل یا ڈی ایکٹویٹ کرسکتے ہیں یا اسے مستقل طور پر ڈیلیٹ کرسکتے ہیں لیکن فیس بک اکاؤنٹ ڈی ایکٹویٹ کرکے آپ وقتی طور پر دوستوں سے رابطہ منقطع کرسکتے ہیں اور اسے واپس سرگرم یا ایکٹو کرکے دوبارہ فیس بک پر آسکتے ہیں۔ آپ اس طریقے سے فیس بک اکاؤنٹ کو وقتی طور پر بند کرسکتے ہیں۔

فیس بک کے مین پیج پر جائیں اور اوپر سرچ بار کے دائیں جانب آخر میں تیر کا نشان دیکھیں اور اس پر کلک کرکے ’سیکیورٹی‘ پر کلک کیجئے۔ اس کے بعد ’ڈی ایکٹویٹ یور اکاؤنٹ‘ پر کلک کرکے اگلے مراحل پر عمل کیجئے۔

اس کے بعد بھی آپ کا اکاؤنٹ اور پروفائل سامنے رہے گا لیکن وہ اب آپ سے رابطہ نہیں کرسکیں گے لیکن لوگوں تک پہنچی ہوئی پوسٹس اور آپ کے پیغامات اب بھی برقرار رہیں گے۔ اسی طرح آپ کسی بھی وقت فیس بک پر جاکر اپنا اکاؤنٹ واپس ایکٹو کرکے فیس بک پر دوبارہ لوٹ سکتے ہیں۔

فیس بک اکاؤنٹ ڈیلیٹ اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈ

اگر آپ مستقل طور پر اپنا فیس بک اکاؤنٹ ختم کرنا چاہتے ہیں تو اچھی طرح سوچ لیجئے کیونکہ ڈیلیٹ ہوجانے کے بعد آپ کی تمام پوسٹس، تصاویر، ویڈیو، چیٹ اور گروپس لائکس ختم ہوجائیں گے لیکن ڈیلیٹ کرنے کے باوجود آپ اپنے اکاؤنٹ کی ایک کاپی ضرور ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

اس کے لیے فیس بک مین پیج پر اوپر دائیں جانب تیر پر کلک کیجئے۔ یہاں پر ’سیٹنگز‘ پر کلک کیجئے۔ اب ڈراپ ڈاؤن باکس میں سب سے نیچے دیکھیں کہ آپ کو ایک جگہ ’ ڈاؤن لوڈ اے کاپی آف یور فیس بک ڈیٹا‘ لکھا دکھائی دے رہا ہوگا۔ اب اس پر کلک کرکے آپ اپنے فیس بک ڈیٹا کی ایک کاپی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیجئے

اکاؤنٹ مکمل طور پر ڈیلیٹ کرنے کے لیے https://www.facebook.com/help/delete_account پر جائیں اور ’ڈیلیٹ مائی اکاؤنٹ‘ پر کلک کردیجئے۔ اس عمل میں 90 روز لگیں گے اور اس دوران فیس بک آپ کی تمام تصاویر، اسٹیٹس اپ ڈیٹس، اور دیگر ساری معلومات ڈیلیٹ کردے گا۔