خبرنامہ

فیس بک پر غلط معلومات شیئر کرنے والوں کی اب پکڑ ہوگی

فیس بک کے ذریعے سنسنی سے بھرپور اور غلط خبریں عام کرنے والے ہوشیار ہوجائیں کیوں کہ فیس بک نے اس کی روک تھام کے لئے جامع منصوبہ بنالیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ فیس بک سے جہاں ایک دوسرے سے رابطے بڑھانے کا کام لیتے ہیں وہیں بعض افراد اور گروپ اس کا استعمال کرتے ہوئے گمراہ کن معلومات عام کر رہے ہیں۔

فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ چند چھوٹے گروپ غیر معیاری اور من گھڑت معلومات پر مبنی روزانہ کی بنیاد پر متعدد پوسٹ کرتے ہیں جن کی نشاندہی کر کے انہیں اس کام سے روکا جائے گا۔

فیس بک کے مطابق گزشتہ سال امریکی صدارتی انتخاب کے دوران بعض صارفین نے چند گروپس نے من گھڑت معلومات کا پرچار کیا جسے دیکھتے ہوئے اس کی روک تھام مزید ضروری ہوگئی ہے۔

فیس بک کے نائب صدر ایڈم میسوری کا کہنا ہے کہ ہمارے ریسرچر نے معلومات اکٹھی کرنے کے بعد مشاہدہ کیا ہے کہ چند افراد اور گروپ روزانہ فیس بک کی مدد سے ایک لنک کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کن مواد شیئر کرتے ہیں جس کا مقصد لوگوں کو لنک کے ذریعے اپنے مواد تک پہنچانا ہوتا ہے۔

ایڈم میسوری کا کہنا ہے کہ ایسے گروپ عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لئے ایسا اس لئے کرتے ہیں تاکہ ان کا مواد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ پائے تاہم عموماً لنک کے ذریعے دی گئی معلومات سنسنی سے بھرپور، گمراہ کن اور کوالٹی کے اعتبار سے غیر معیاری ہوتی ہے اس لئے اس کی روک تھام کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

فیس بک کے نائب صدر نے یہ تو نہیں بتایا کہ گمراہ کن مواد کو روکنے کے لئے وہ کیا کرنے جارہے ہیں تاہم انہوں نے صرف اشارہ دیا کہ غیرمعیاری معلومات کی تشہیر کرنے والوں کا مواد فیس بک کے خود کار نظام کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں تک نہیں پہچ پائے گا اور دیا گیا لنک ازخود غیرموثر ہوجائے گا۔