خبرنامہ

موبائل گیم’’برہان بمقابلہ مودی‘‘ نوجوانوں میں مقبول

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں رواں سال 8جولائی کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی مقبولیت دنیائے کھیل میں بھی پہنچ گئی ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت کے موقر اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ چند گمنام ڈیویلپرز نے وادی کشمیرمیں’ برہان بمقابلہ مودی‘نام کی اینڈروئڈ موبائل گیم تیار کی ہے ۔ گیم میں وانی یعنی یوزر آزادی حاصل کرنے کی خاطرپوائنٹ جیتنے کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح نظر آنے والے کرداروں کا خاتمہ کررہا ہے اور ان پر فائر ، کک اور پنچ ماررہا ہے جبکہ گیم کے دوران آزادی کے نغمے بھی بج رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کھیل کی وجہ سے نوجوانوں میں غصہ مزید بڑھ گیا ہے۔ اخبار نے ایک سینئر پولیس افسر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس کا نوٹس لیا ہے اور وہ جنوبی کشمیر میں ایک شخص کے قریب پہنچ گئی ہے۔ تاہم گیم کھیلنے والے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ گیم اپنے دوستوں سے لیا ہے جس کے لیے انٹرنیٹ سے مربوط ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔