خبرنامہ

میسنجر میں “میسنجر رومز” کا اضافہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے ”میسنجر رومز“ متعارف کرا دئیے ہیں اور اب صارفین اجنبی لوگوں سے بھی کسی مخصوص موضوع پر گفتگو کر سکتے ہیں۔ فیس بک نے اس سے قبل ”فیس بک رومز“ نامی ایک ایپلی کیشن متعارف کرا رکھی تھی جسے گزشتہ سال دسمبر میں بند کر دیا گیا تھا تاہم اب مسینجر میں ہی ”چیٹ رومز“ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ”میسنجر رومز“ بنیادی طور پر ایسے چیٹ رومز ہیں جو مخصوص موضوعات پر بنائے جاتے ہیں، ہر روم میں 250 افراد حصہ لے سکتے ہیں اور انہیں صارفین اپنی مرضی کے تحت پرائیویٹ یا عام بھی کر سکتے ہیں۔

فیس بک میسینجر پراڈکٹ منیجر ”ڈریو موشون“ کا کہنا ہے کہ ” آج کل گروپ چیٹس ان دوستوں، رشتہ داروں اور جاننے والے لوگوں کے ساتھ کی جاتی ہے اور ہم نے یہ پایا ہے کہ بہت سے ایسے صارفین موجود ہیں جو مخصوص موضوعات پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ ’رومز‘ موضوعات پر مبنی بات چیت ہو گی تاکہ ایک ہی موضوع پر گفتگو کی خواہش رکھنے والے ایسے افراد بھی آپس میں بات چیت کر سکیں جو ایک دوسرے کیلئے اجنبی ہیں۔“
میسنجر رومز ابتدائی طور پر کنیڈا اور آسٹریلیا میں تجرباتی بنیادوں پر متعارف کرائے گئے ہیں اور جلد ہی انہیں دنیا بھر کے صارفین کیلئے فراہم کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک وقت میں انٹرنیٹ کی دنیا پر راج کرنے والی کمپنی ”یاہو“ نے بھی چیٹ رومز متعارف کرا رکھے تھے جو کمپنی کی ’جان‘ سمجھے جاتے تھے اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد ان کا استعمال کرتے تھے۔ تاہم اب فیس بک نے بھی اس طرح کی سہولت میسر کی ہے لیکن کچھ تبدیلی کیساتھ اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سروس استعمال کرنے میں آسان ہوئی تو اس سے میسنجر کے صارفین میں واضح اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔