خبرنامہ

مینی کوئن چیلنج کا جنون خلائی اسٹیشن تک پہنچ گیا

ہیوسٹن:(ملت+اے پی پی) زمین پر انسانوں اور جانوروں میں پھیلنے والا مینی کوئن چیلنج اب بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچ گیا ہے۔ مینی کوئن چیلنج، جس میں انسان یا جانور کچھ دیر کے لیے بالکل ساکت ہوجاتے ہیں اور ان کی فلم بندی کی جاتی ہے لیکن خلاء کے بے وزنی والے ماحول میں معلق رہتے ہوئے خود کو ساکن رہنا کوئی آسان کام نہیں۔ البتہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلا نوردوں نے منفرد انداز سے مینی کوئن چیلنج کھیل کر ساری دنیا کو حیران کردیا ہے اور اس کی مختصر سی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ اس ویڈیو میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا عملہ بالکل ساکت حالت میں معلق دکھایا گیا ہے جب کہ کیمرا ان کی منظر کشی کرتے ہوئے درمیان سے گزرتا ہے۔ بلاشبہ خلا کے زیرو گریویٹی والے ماحول میں ایسے معلق رہتے ہوئے خود کو ساکن رکھنا بے حد مشکل ہے لیکن تربیت یافتہ اور ماہر خلا نوردوں نے یہ بھی کردکھایا۔