اوسلو:(ملت+اے پی پی) اگرچہ دنیا بھر میں کئی کمپنیاں وزن اٹھانے والے کارگو کواڈ کاپٹر ڈرون پر کام جاری ہے لیکن ناروے کی ایک کمپنی نے ایسا میگا ڈرون تیار کیا ہے جو ایک انسان کواٹھا کر30 سے 45 منٹ تک سفر کرسکتا ہے۔ اوسلو کی “میجک ایئر” کمپنی نے ایک ایسا طاقتور ڈرون بنایا ہے جو 225 کلو گرام تک وزن اٹھا کر اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے “جی آر آئی ایف ایف 300″ میگا ڈرون کا نام دیا گیا ہے اور وہ 75 کلوگرام وزنی ہے۔ میگا ڈرون کو ہنگامی حالات، زراعت، حکومتی اداروں اور مدد کے لیے بہت آسانی کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ میگا ڈرون ایک مرتبہ چارج ہونے پر 30 سے 45 منٹ تک سفر کرسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ اب ایسے ڈرون پر کام کررہی ہے جسے ہیلی کاپٹر کی جگہ استعمال کیا جاسکے گا اس سے تحقیق، آبی وسائل، زرعی نگرانی ، ارضیاتی سروے اور لوگوں کی مدد کا کام بھی لیا جاسکے گا۔ جی آر آئی ایف ایف 300 ڈرون خود ایک انسان کی طرح لمبا چوڑا ہے لیکن اسے اسمبل کرنا، اڑانا اور قابو کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ اس پر خاص قسم کے کیمرے لگے ہیں جو کاک پٹ اور کیپٹن چیئر دونوں طرح سے منظر دیکھنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں جب کہ ڈرون میں لائیو ویڈیو فیڈ، ٹیلی میٹری اور دیگر اہم سہولیات بھی دستیاب ہیں لیکن خریدار اس میں بہت سی تبدیلیاں اور اضافے بھی کرسکتے ہیں۔ میجک ایئر کمپنی نے مسلسل 2 سال تک اس پر کام کیا ہے اور اب یہ آزمائش کے لئے تیار ہے جب کہ کمپنی کے مطابق اس ڈرون کا اگلا ورژن 800 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتا ہے۔