خبرنامہ

ناسا کے سیکڑوں جدید ترین سافٹ ویئر بالکل مفت!

ہیوسٹن، ٹیکساس: (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ نے سینکڑوں کی تعداد میں جدید ترین سافٹ ویئر مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے آن لائن جاری کردیئے۔

ان سافٹ ویئر کی ڈاؤن لوڈنگ پر نہ تو کوئی رائلٹی طلب کی جارہی ہے اور نہ ہی ان کے استعمال پر کاپی رائٹ قوانین کی پابندی عائد کی گئی ہے بلکہ یہ استفادہ عام کے لیے بالکل مفت ہیں۔

یہ تمام سافٹ ویئر ناسا کے ’’ٹیکنالوجی ٹرانسفر آفس‘‘ نے جاری کیے ہیں جو اس سے پہلے بھی 2 مرتبہ ناسا میں تیار کردہ ہزاروں جدید سافٹ ویئر مفت میں آن لائن پیش کرچکا ہے۔ سافٹ ویئر کی تازہ ترین کھیپ اس یو آر ایل پر دیکھی جاسکتی ہے: software.nasa.gov

صارفین کی رہنمائی کے لیے ناسا کی اسی ذیلی ویب سائٹ پر 154 صفحات کی ایک پی ڈی ایف کٹیلاگ بھی رکھی گئی ہے جس میں 20 بہترین سافٹ ویئر کے علاوہ 15 زمروں میں مجموعی طور پر 500 سے زیادہ سافٹ ویئر کی چیدہ چیدہ معلومات اور ڈاؤن لوڈ لنکس موجود ہیں۔

ویسے تو ان زمروں میں سے بیشتر کا تعلق خلائی تحقیق کے مختلف شعبوں مثلاً مٹیریلز سائنس، سسٹم ٹیسٹنگ، پروپلشن، آپریشنز، کریو اینڈ لائف سپورٹ، وہیکل مینجمنٹ اور ایئروناٹکس وغیرہ سے ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ ان میں ڈیٹا اینڈ امیج پروسیسنگ، آٹونومس سسٹمز (خودکار نظام)، اینوائرونمنٹل سائنسز (ماحولیات)، الیکٹرونکس اینڈ الیکٹرک پاور، ڈیٹا سرورز پروسیسنگ اینڈ ہینڈلنگ اور بزنس سسٹمز اینڈ پروجیکٹ مینجمنٹ جیسے زمرے بھی شامل ہیں جو وسیع تر اور زیادہ عمومی اطلاق کے حامل ہیں۔