خبرنامہ

نوکیا (سمارٹ فون) کی دھماکے دار واپسی

ہیلسنکی، فن لینڈ:
بین الاقوامی شہرت یافتہ موبائل فون ساز کمپنی نوکیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا اگلا اسمارٹ فون 2017 میں جاری کرے گی۔

2014 میں مائیکروسافٹ اور نوکیا میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت نوکیا کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ آئندہ دو سال تک اپنے نام سے کوئی اسمارٹ فون پیش نہیں کرے گا۔ اسی معاہدے کے نتیجے میں ’’نوکیا لومیا‘‘ کا نام تبدیل کرکے ’’مائیکروسافٹ لومیا‘‘ کردیا گیا تھا۔

اسمارٹ فون انڈسٹری کے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ان دونوں میں سے کسی ادارے کےلئے بھی مفید ثابت نہیں ہوا کیونکہ مائیکروسافٹ نے اپنے اسمارٹ فونز کےلئے ’’ونڈوز 8‘‘ آپریٹنگ سسٹم کا استعمال جاری رکھا جو بنیادی طور پر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کےلئے بنایا گیا تھا۔ مختلف تبدیلیوں کے ذریعے اس میں یہ گنجائش پیدا کی گئی تھی کہ اسے بیک وقت اسمارٹ فون اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، دونوں میں استعمال کیا جاسکے لیکن یہ تجربہ بری طرح ناکام رہا۔

ونڈوز 8 کی وجہ سے اسمارٹ فون اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کو بار بار مختلف مسائل کا سامنا کرنا اور یوں مائیکروسافٹ اسمارٹ فونز تمام تر سرمایہ کاری کے باوجود کوئی نمایاں جگہ نہیں بناسکے۔ اسی لئے مائیکروسافٹ نے آئندہ اسمارٹ فون بنانے سے باز رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

دوسری طرف اسی معاہدے کی وجہ سے نوکیا کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور وہ صرف پرانے فون ہی فروخت کرنے پر مجبور تھی جن کی مانگ مسلسل کم ہوتی جارہی تھی۔ البتہ آئندہ سال نوکیا اسمارٹ فون کا اجراء ایک اچھی خبر ہے اور صارفین منتظر ہیں کہ اگلے نوکیا اسمارٹ فون میں ایسا کیا ہوگا جو اسے مارکیٹ میں دستیاب دوسرے فونز سے ممتاز کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق نئے نوکیا اسمارٹ فون کی رونمائی فروری 2017 میں بین الاقوامی ’’موبائل ورلڈ کانفرنس‘‘ کے موقعے پر کی جائے گی جبکہ اسے متوقع طور پر اپریل 2017 میں فروخت کےلـئے پیش کردیا جائے گا۔