واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) ماضی میں موبائل فون پیش کرنے والی مشہور کمپنی نوکیا نے طویل غیرحاضری کے بعد اپنا اینڈروئیڈ فون پیش کرتے ہوئے اسمارٹ فون کی دنیا میں ایک بار پھر قدم جمانے کا پیغام دیا ہے جب کہ واپسی کے بعد درمیانی قیمت والے مزید موبائل فونز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلا فون ایچ ایم ڈی گلوبل ریلیز کرے گی اور اسے نوکیا 6 کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں نوکیا کمپنی کے برانڈ کے حقوق مائیکروسوفٹ نے خریدے تھے اور یوں نوکیا ونڈو فون ریلیز کئے گئے تھے۔ موبائل فونز کا تجزیہ کرنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق نوکیا کمپنی اس سال 6 سے 7 نئے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون ریلیزکرے گی۔ ویب سائٹ کے مطابق ملائیشیا میں نوکیا اور مائیکروسوفٹ ڈسٹری بیوشن کمپنی اے وی اے ایکس ایکس نے اپنی ایک پریزینٹیشن پیش کی ہے جس میں کیوٹو 2017 کے نام سے 6 سے 7 ماڈل دکھائے گئے اور یہ درمیانی قیمت لیکن بلند معیار کے اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز ہوں گے۔