خبرنامہ

نوکیا کا پہلا اینڈروئید اسمارٹ فون متعارف

ہیلسنکی:(ملت+اے پی پی) طویل عرصے کی خاموشی کے بعد بالآخر موبائل فون بنانے والی کمپنی نے نوکیا نے اپنا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرادیا۔ یہ فون ایچ ایم ڈی گلوبل ریلیز کرے گی اور اس موبائل کو نوکیا 6 کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں نوکیا کمپنی کے برانڈ کے حقوق مائیکروسافٹ نے خریدے تھے اور یوں نوکیا ونڈو فون ریلیز کئے گئے تھے۔ لیکن اب ایچ ایم ڈی نوکیا کے لیے پہلا اینڈروئڈ فون ریلیز کررہی ہے۔ ایچ ایم ڈی نے تصدیق کی ہے کہ اس میں اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کا ساتواں ورژن نوگاٹ شامل کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اینڈروئڈ فون سے نوکیا تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کی ایک وسیع دنیا کو اپنے فون میں شامل کرسکے گا جو صارفین کے لیے توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ نئے فون کے ہارڈ ویئر میں بھی جدت پیدا کی گئی ہے اوراس اینڈروئڈ اسمارٹ فون میں 4 جی بی ریم، 64 جی بی سرکٹ اسٹوریج، 16 میگا پکسل کیمرہ اور 3 ہزار ایم اے ایچ بیٹری نصب ہے۔ اضافی میموری کے لیے ایس ڈی ایم کارڈ سلاٹ بھی موجود ہے۔
نوکیا کے مطابق اسے چین کی مارکیٹ میں لانچ کیا جائے گا جہاں نوکیا برانڈ کو ایک نئی زندگی مل سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یورپ اور شمالی امریکا کے برخلاف چینی مارکیٹ بہت طاقتور اور وسیع ہوتی جارہی ہے اور وہاں سے نوکیا کو لانچ کرنا نسبتاً آسان بھی ہوگا۔ تاہم ایچ ایم ڈی کمپنی بھی نئی ہے اور اسے کئی چیلنجز کا سامنا بھی ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس طرح نوکیا درمیانی مارکیٹ میں اپنا قدم جمانا چاہتا ہے۔ یہ ایک ایسا فون ہے جو نہ بہت مہنگا ہے اور نہ ہی بہت سستا اور اپنے ہم پلہ فونز کے مقابلے اس میں جدید ترین سہولیات رکھی گئی ہیں۔ اس کے بورڈ میں اسنیپ ڈریگن 430 سسٹم لگایا گیا ہے جبکہ قیمت قریباً 25 ہزار روپے تک متوقع ہے۔ اس میں ایٹموس ساؤنڈ پروسیسنگ سے ڈولبی ساؤنڈ سنائی دے گی جبکہ فون المونیم کے کیس میں بند ہے۔ تجزیاتی ماہرین کے مطابق اس وقت بھی بازار میں اسنیپ ڈریگن چپس کے ساتھ جدید اینڈروئڈ فون 20 سے 30 ہزار روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔ دوسری جانب فون میں ڈیزائن کا ایک اہم کردار ہوتا ہے اور اسی وجہ سے ایپل کے مہنگے فون ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتےہیں۔ نوکیا 6 اینڈروئڈ فون اگلے تین ماہ میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔