خبرنامہ

نوکیا کی دھماکے دار واپسی

بارسلونا (ملت مانیٹنگ ڈیسک) فن لینڈ کی کمپنی نوکیا نے کئی سال بعد سمارٹ فون کی مارکیٹ میں داخل ہونے کیساتھ ہی 3 نئے اینڈرائڈ سمارٹ فونز متعارف کرا دئیے ہیں۔ یہ نئے سمارٹ فون بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں 3310 کے نئے ورژن کے ساتھ متعارف کرائے گئے ہیں۔

سب سے مشہور فون نوکیا 3310 کی نئے ڈیزائن اور جدید فیچرز کے ساتھ واپسی

نئے متعارف کرائے جانے والے سمارٹ فونز میں سے ایک نوکیا 6 ہے جسے چند ہفتے پہلے صرف چین میں فروخت کیلئے پیش کیا گیا تھا تاہم اب اسے دنیا بھر میں فروخت کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جو نئے سمارٹ فون متعارف کرائے گئے ہیں ان میں نوکیا 3 اور نوکیا 5 شامل ہیں۔

نوکیا 6

نوکیا 6 کا سکرین سائز 5.5 انچ ہے جو ایچ ڈی ریزولوشن کی حامل ہے جبکہ اس میں اینڈرائیڈ کا تازہ ترین ورژن ’نوگیٹ‘ دیا گیا ہے۔ اس فون کا بیک کیمر ہ16 میگا پکسلز کا ہے جبکہ 8 میگا پکسلز کا فرنٹ کیمرہ لگایا گیا ہے جبکہ کوالکوم سنیپ ڈریگون 430 پراسیسر سے مزین اس فون کی ریم 4 جی بی اور سٹوریج 64 جی بی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس موبائل فون کی قیمت 229 یورو (تقریباً25 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

نوکیا5

نوکیا کا دوسرا موبائل فون نوکیا 5 ہے جس کی سکرین کا سائز 5.2 انچ ہے اور اس کا بیک کیمر ہ13 میگا پکسل اور فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسل کا لگایا گیا ہے۔ نوکیا 5 کی ریم 2 جی بی، سٹوریج 16 جی بی ہے اور اس میں بھی اینڈرائڈ کا تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم انسٹال ہے۔ اس سمارٹ فون میں 3000 ایم اے ایچ کی بیٹری استعمال کی گئی ہے اور اس کی قیمت 189 یورو (تقریباً 21000 پاکستانی روپے) ہے۔

نوکیا3

نوکیا 3 کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے سمارٹ فونز میں سب سے کم قیمت ہے جس میں ایچ ڈی ریزولوشن والی 5 انچ کی سکرین استعمال کی گئی ہے۔ 1.3 گیگا ہرٹز کے کواڈ کور پراسیسر سے مزین سمارٹ فون کی ریم 2 جی بی اور سٹوریج 16 جی بی ہے جبکہ اس کا بیک کیمرہ 8 میگا پکسل اور فرنٹ کیمرہ بھی 8 میگا پکسل کا ہے۔ 2650 ایم اے ایچ کی بیٹری کے حامل اس سمارٹ فون میں بھی اینڈرائڈ کا تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم ”نوگیٹ“ انسٹال کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اس کی قیمت 139 یورو (تقریباً15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) متعارف کرائی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ یہ تینوں سمارٹ فونز رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں دنیا بھر میں فروخت کیلئے پیش کردیئے جائیں گے۔