خبرنامہ

وائبر نے ازخود پیغامات مٹانے والا فیچر متعارف کرادیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک عرصے تک واٹس ایپ کی طرح مقبول اسمارٹ فون ایپ وائبر نے اپنا ایک نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے ذریعے پیغامات ازخود غائب ہوجائیں گے اور کوئی انہیں دیکھ بھی نہیں سکے گا۔

وائبر نے نئے فیچر کو ” سیکریٹ چیٹ” کا نام دیا ہے جس کے تحت صارف کسی دوسرے صارف سے چیٹ کے وقت ایک ٹائمر (وقت) کا تعین کرسکتا ہے جو کئی منٹ سے لے کر کئی گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔ اس مقررہ وقت کے دوران پیغامات اور تصاویر دکھائی دیں گی جس کے بعد تمام چیزیں از خود غائب ہوجائیں گی۔

دنیا بھر میں واٹس ایپ کو مقبول ترین میسجنگ ایپ کا درجہ حاصل ہے لیکن اس کی حریف کمپنیاں وی چیٹ، ٹیلی گرام، میسنجر اور دیگر ایپس اپنی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنارہی ہیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بناسکیں اور اس مقصد کے لئے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جارہی ہیں جب کہ وائبر نے بھی ایک مرتبہ پھر عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لئے سیکریٹ چیٹ کی سہولت متعارف کرائی ہے۔

اس سے قبل حال ہی میں واٹس ایپ نے بھی ایسا ہی ایک اسٹیٹس فیچر پیش کیا تھا جس کے تحت بھیجا ہوا ٹیکسٹ پیغام لوٹایا جاسکتا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق وائبر کا ’سیکرٹ چیٹ‘ آپشن استعمال میں قدرے آسان ہے، اس فیچر کے ذریعے خفیہ بات چیت مقرر کئے گئے وقت پر ازخود ختم ہوجاتی ہے۔

موبائل ایپ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تحت صارفین ایک سرے سے دوسرے سرے تک نہ صرف معلومات کا مکمل تحفظ چاہتے ہیں بلکہ بعض اوقات اپنی گفتگو اور پیغامات کو بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اگرچہ اسنیپ چیٹ نے سب سے پہلے یہ فیچر پیش کیا تھا جو استعمال کیا جارہا ہے اور اب وائبر نے اسے نئے انداز میں پیش کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ سیکرٹ چیٹ‘ فیچر کے تحت پیغامات کو آگے بھیجنا، ٹیکسٹ یا تصویر کا اسکرین شاٹ لینا اور تشہیر کرنا ممکن نہ ہوگا۔ چیٹ کے دوران 2 افراد میں سے کوئی ایک سیکرٹ چیٹنگ پر آمادہ ہوجاتا ہے جس پر لاک بیج دکھائی دے گا جو آئکن پر نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ سیکرٹ چیٹ کو تلف کرنے کی بجائے چھپایا بھی جاسکتا ہے اور بعد میں اسے ایک کوڈ کے ذریعے کھول کر دیکھا جاسکتا ہے۔