سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بہت تیزی کے ساتھ مقبولیت حاصل کی ہے۔ واٹس ایپ کی مقبولیت کی بنیادی وجہ اس سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے وائس چیٹ، گروپ چیٹ اور میڈیا شیئرنگ جیسے فیچرز ہیں۔
ایک تیزی سے آگے بڑھتی سماجی ویب سائٹ کے طور پر واٹس ایپ کو ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ وہ صارفین کے لیے اپنی افادیت اور کشش میں اضافہ کرتا رہے، اور اس کے استعمال کنندگان کی بھی اسے بہتر سے بہتر دیکھنے کی خواہش ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ واٹس اپ نئے فیچر سامنے لاتا رہتا ہے۔ اس ضمن میں واٹس ایپ نے پوپ آؤٹ وڈیوز اور پی ڈی ایف اور دستاویزات بھیجنے کے فیچر قابل ذکر ہیں۔
اب اس پلیٹ فارم نے اپنے صارفین کے لیے کچھ نئے فیچرز بھی متعارف کرادیے ہیں، جن سے اکثر لوگ واقف نہیں، آئیے ہم واٹس ایپ کے ان نئے فیچرز کا تعارف آپ سے کراتے ہیں:
٭تصاویر اور وڈیوز شوٹ کرنے کے نئے طریقے:
اپنی نئی اپ ڈیٹس میں واٹس ایپ نے تصویر لینے اور وڈیو بنانے کے نئے طریق متعارف کرائے ہیں۔ جب آپ سیلفی لینے کے لیے فرنٹ فیسنگ کیمرا استعمال کرتے ہیں، تو اس کے لیے آپ ’’فلیش‘‘ کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔ اس آپشن کی وجہ سے آپ کے چہرے پر زیادہ روشنی پڑے گی، جس سے آپ کی تصویر زیادہ صاف آئے گی۔ اسی طرح وڈیو شوٹ کرتے ہوئے اسکرین کو انگلیوں کی مدد سے زوم ان اور زوم آؤٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح سیل فون کیمرے کے ذریعے تصویر لینے کے حوالے سے درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
٭امیج ایڈیٹنگ کی سہولت
سوشل میڈیا کی دنیا میں امیج شیئر کرنے کے حوالے سے اب ایک نیا رجحان ان میں تخلیقی انداز میں تبدیلی اور اضافے کا آگیا ہے۔ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے تصاویر میں اموجی (emoji) اور ٹیکسٹ شامل کرنے کی سہولت فراہم کی تھی۔ اس کے بعد انسٹاگرام نے اپنے استعمال کنندگان کو اسٹوریز کو بھی تصاویر کا حصہ بنانے کا آپشن دے دیا۔ اب واٹس ایپ نے بھی اپنے صارفین کے لیے اسی نوعیت کا فیچر متعارف کرادیا ہے۔ جب آپ کوئی امیج واٹس ایپ پر شیئر کرتے ہیں تو آپ کو تین آپشن نظر آئیں گے، جو یہ ہیں، اموجی آئی کون، جس کے ذریعے کسی تصویر میں کوئی اموجی ایڈ کیا جاسکتا ہے، ٹیکسٹ آئی کون، جس کی مدد سے کوئی پُرمزاح یا فکر انگیز تحریر مواد تصویر کے ساتھ ایڈ ہوسکتا ہے اور پین برش (Paintbrush)، اس آپشن کے ذریعے یوزر امیج پر اپنی انگلی پھیر کر اس میں تبدیلیاں کر سکتا ہے۔
٭ پرائیویسی پر کنٹرول
حال ہی میں واٹس ایپ نے سوشل میڈیا کی دنیا کی مقبول ترین سائٹ فیس بک کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس حوالے سے واٹس ایپ کے استعمال کنندگان کو میسیج بھیجا جاچکا ہے۔ ہوسکتا ہے کسی یوزر نے اس میسیج پر توجہ نہ دی ہو یا پڑھے اور جانے بغیر ہی اسے ایکسیپٹ کرلیا ہو۔ اگر استعمال کنندہ اس حوالے سے محتاط نہیں ہے، تو واٹس اپ، فیس بک سے اس کی معلومات شیئر کرلے گا۔ تاہم ان معلومات میں فون نمبر اور چیٹنگ شامل نہیں۔ اگر واٹس ایپ کے یوزر کی حیثیت سے آپ خود کو اس شیئرنگ سے بچائے رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کے لیے فیچر فراہم کردیا گیا ہے۔ اپنے اکاؤنٹ کی سیٹنگز پر جائیے اور ’’شیئر مائی اکاؤنٹ انفو‘‘ کے آپشن پر اس کی اجازت انکار میں بدل دیجیے۔
٭GIFs بھیجیں اور وصول کریں
GIFs کو انٹرنیٹ کی دنیا کی زبان کہا جاتا ہے۔ اب آپ اس زبان میں واٹس ایپ پر بھی بات چیت کرسکتے ہیں۔ اینڈرائیڈ فونز کے یوزرز اس فیچر کے لے واٹس ایپ Beta کا استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم آئی او ایس ورژن کے لیے یہ فیچر دست یاب ہے۔ اس فیچر کے استعمال کے لیے یوزرز جب اٹیچمینٹس کے آپشن پر اور پھر گیلری میں جائے گا تو اسے وہاں ایک نیا GIFs آپشن دکھائی دے گا۔ کوئی بھی مطلوبہ GIF ایڈ کرنے کے بعد اسے چیٹ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
٭گروپ چیٹ میں ایڈ کرنے کی سہولت
واٹس ایپ کے گروپ چیٹ کی سہولت سے کون واقف نہیں۔ اس سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کا یہ فیچر بہت مقبول ہے۔ لیکن ہوتا ہے یہ کہ اس فیچر کی وجہ سے جب آپ یہ ایپلی کیشن کھولتے ہیں تو آپ کو تین سو یا اس سے بھی زیادہ میسیجز کا سامنا ہوتا ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ ان میں سے کون سا میسج آپ کے لیے ضروری ہے۔ واٹس ایپ کی ایک نئی اپ ڈیٹ یوزرز کا یہ مسئلہ حل کردے گی۔ اس مقصد کے لیے @Mentions کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ جب آپ کسی گروپ چیٹ میں “@” کا سمبل ٹائپ کریں گے تو ایک مینیو پاپ اپ ہوکر اس گروپ چیٹ میں شامل تمام افراد کو آپ کے سامنے لے آئے گا۔ اب آپ اس فرد کو منتخب کرلیں جس سے آپ چیٹ کرنا یا جس کے مسیج دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ شخص اب ایک نوٹیفیکیشن وصول کرے گا، جو اسے بتائے گا کہ اس کا ذکر چٹ میں کیا گیا ہے۔ یہ فیچر یہ بھی بتائے گا کہ کون شخص گروہ چیٹ چھوڑ گیا ہے۔
٭تحریری مواد اب زیادہ واضح
اس فیچر کے ذریعے استعمال کنندہ واٹس ایپ پر دیے گئے اپنے تحریری مواد کو زیادہ واضح اور الفاظ کا سائز بڑا کرسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ستارے کا نشان (*)استعمال کرکے تحریری مواد کو بولڈ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے اپنی تحریر کے ابتدائی لفظ سے پہلے اور آخری لفظ کے بعد ستارے کا نشان ایڈ کرنا ہوگا۔ ان نشانوں کے درمیان آنے والے تحریری مواد کے الفاظ واضح اور بڑے ہوں گے۔ اسی طرح الفاظ کو italic (نمایاں کرنے کے لیے ترچھی طرز میں لکھنا) کرنے کے لیے انڈراسکور (_) کا نشان تحریری مواد کے ابتدائی لفظ سے پہلے اور آخری لفظ کے بعد ایڈ کرنا ہوگا۔ ان نشانوں کے درمیان آنے والی تحریر کے الفاظ ترچھے ہوں گے۔ اسی طرح Strikethrough طرز میں الفاظ لکھنے کے لیے یہ نشان(~) استعمال کرنا ہوگا۔ یہ نشان بھی عبارت کے ابتدائی لفظ سے پہلے اور آخری لفظ کے بعد ایڈ کیا جائے گا۔
٭بیک اپ کی سہولت
واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ یوزرز کو گوگل ڈرائیو کی سہولت حاصل ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنے واٹس ایپ میسیجز، تصاویر اور وڈیوز کا گوگل ڈرائیو پر بیک اپ حاصل کرسکتے ہیں۔
اب ونڈوز فون کے استعمال کنندگان کے لیے بھی واٹس ایپ پر اسی نوعیت کا فیچر دست یاب ہے۔ یہ فیچر مائیکروسوفٹ کی ون ڈرائیو کے ساتھ کام کرے گا۔ واضح رہے کہ ون ڈرائیو کو اسٹورییج کے حوالے سے سب سے زیادہ قابل اعتبار سسٹم قرار دیا جاتا ہے۔
٭میسیجز میں درپیش مشکل کا حل
چیٹنگ کے دوران بعض اوقات یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ دوسرا مسلسل میسیج کر رہا ہوتا ہے اور آپ اس کے جو جواب دیتے ہیں وہ گُڈمڈ ہوجاتے ہیں، سمجھ میں نہیں آتا کہ کس پیغام کا کیا جواب دیا گیا ہے۔ اگر آپ دوسرے فریق کے پیغام بھی لکھیں تو اس میں بہت وقت لگ جاتا ہے۔ اس مسئلے کو پیش نظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ جب آپ کسی پیغام کا جواب دیتے ہیں تو اُس کا پیغام کوٹیشن کی صورت میں ساتھ دینے کے لیے اسکرین کے ٹاپ پر موجود Reply کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا اور اپنا تحریر کردہ جواب سینڈ کردینا ہوگا۔ آپ کے جواب کے ساتھ ہی دوسرے فریق کا میسیج کوٹیشن کی صورت میں اس کے پاس چلا جائے گا اور یوں وہ جان سکے گا کہ آپ نے اس کی کس بات کا جواب دیا ہے۔