سلیکان ویلی:(اے پی پی) گزشتہ ہفتے واٹس ایپ کا ڈیٹا فیس بُک سے شیئر کرنے سے متعلق خبر نے صارفین کو اپنی پرائیویسی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا کردیا ہے لیکن اس مسئلے کا ایک آسان حل بھی موجود ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ واٹس ایپ پر آپ کی تفصیلات فیس بُک سے شیئر نہ کی جائیں تو اس کےلئے پہلے اپنے فون پر واٹس ایپ کھولئے۔ اسمارٹ فون میں اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم ہو تو اسکرین پر سیدھے ہاتھ کی طرف، اوپر کی جانب بنے ہوئے ایکشن اوور فلو بٹن کو (جو اوپر تلے تین چوکور نقطوں کی طرح دکھائی دیتا ہے) پریس کیجئے اور یہاں سے سیٹنگز کا آپشن سلیکٹ کرلیجئے۔ البتہ اگر آپ آئی فون استعمال کررہے ہیں تو اس میں واٹس ایپ لانچ کرنے کے بعد اسکرین کے نچلے حصے میں ہی سیٹنگز کا آپشن نظر آجائے گا۔ سیٹنگز میں پہنچنے کے بعد ’’اکاؤنٹ‘‘ سلیکٹ کیجئے جس کے بعد اسکرین پر دو مزید آپشنز آپ کے سامنے ہوں گے۔ پہلا آپشن سلیکٹ کرکے آپ واٹس ایپ کو یہ اجازت دے رہے ہوں گے کہ یہ آپ کی تفصیلات فیس بُک سے شیئر کرے جبکہ دوسرا آپشن (ڈونٹ شیئر) کرنے پر یہ آپ کی تفصیلات شیئر نہیں کروائے گا۔ لیکن جیسے ہی آپ ’’ڈونٹ شیئر‘‘ سلیکٹ کریں گے، ایک پاپ اپ نمودار ہوگا جو یہ بتارہا ہوگا کہ اگر آپ نے یہ آپشن سلیکٹ کرلیا تو آئندہ آپ اس میں تبدیلی نہیں کرسکیں گے:اس کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آپ ’’ڈونٹ شیئر‘‘ پریس کردیجئے جس کے بعد واٹس ایپ آپ کو دوبارہ یہ پیغام نہیں دکھائے گا؛ اور نہ ہی مستقبل میں آپ دوبارہ اس قابل ہوسکیں گے کہ اپنی واٹس ایپ کی تفصیلات فیس بُک سے شیئر ہی کرسکیں۔ اگر ایسا کرنا چاہیں گے تو اس کےلئے آپ کو واٹس ایپ ان انسٹال کرکے دوبارہ سے انسٹال کرنا ہوگا۔