خبرنامہ

وی چیٹ، واٹس ایپ اور فیس بک کے مقابلے میں گوگل کا ’’آلو‘‘ میسینجر

سان فرانسسکو:(اے پی پی) اپنی تمام ترترقی کے باوجود گوگل میسنجر کی دوڑ میں پیچھے ہیں اور اب اس کمی کو دور کرنے کے لیے بہت جلد گوگل ’آلو‘ پیش کیا جارہا ہے۔ آلو فرانسیسی زبان میں ’ہیلو‘ کو کہتے ہیں اور گوگل نے اپنے میسنجر کو یہی نام دیا ہے۔ گوگل ٹیم کے مطابق اسے وی چیٹ، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کے مقابلے میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسمارٹ فون رکھنے والے افراد ایک ہفتے میں اوسطاً 23 گھنٹے میسجنگ کرتے رہتے ہیں۔ گوگل کے مطابق آلو میں اسٹیکر، ایموجی اور تبدیل ہوتا ہوا (ٹرانسفارمنگ) ٹیکسٹ کے آپشن شامل کیے جائیں گے۔ ٹرانسفارمنگ ٹیکسٹ کی بدولت آپ ایک کلک سے ٹیکسٹ کو چھوٹا اور بڑا کرسکیں گے۔ فیس بک اور وی چیٹ کی طرح آلو میں چیٹ کرنے والے کمپیوٹر پروگرام یعنی ’ بوٹس‘ استعمال کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ آلو کے بوٹس ٹائپ کردہ ٹیکسٹ کو سمجھتے ہوئے ازخود گوگل سے معلومات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔ مثلاً کسی گیم کا اسکور معلوم کرنا ہو تو آلو اسسٹنٹ آپ کو فوری طور پر اس کھیل کی تازہ صورتحال سے آگاہ کردے گا۔ اس کے علاوہ گوگل سرچ، نقشوں ، یوٹیوب اور ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔