آج کل شہروں ہی نہیں قصبوں میں ٹریفک جام ہونا معمول ہوچکا۔ بعض اوقات تو انسان ٹریفک جام میں ایسی بری طرح پھنستا ہے کہ نکلنا محال ہوجاتا ہے۔ تب جی یہی چاہتا ہے کہ اپنی گاڑی دوسروں پر سے پھلانگتے ہوئے لے جائیں۔
ایک امریکی کمپنی نے اسی انوکھے خیال کو عملی روپ دے ڈالا۔ ہوا یہ کہ مشہور امریکی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، ویروزن کو ایک اشتہار کے لیے ایسی کار کی ضرورت تھی جو ہوا میں پانچ چھ فٹ بلند ہوسکے۔ چناںچہ اس نے اسپیشل ایفٹکس پیدا کرنے والی ایک کمپنی ’’تھنک مودو‘‘(Thinkmodo) سے رابطہ کرلیا۔
تھنک مودو کے سائنس دانوں نے شبانہ روز محنت کے بعد ایسی ایس یو وی (سپورٹ یوٹیلٹی وہیل) تیار کرلی جو ہوا میں ’’پانچ فٹ‘‘ بلند ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس انوکھی گاڑی کو ’’ہم رائیڈ‘‘ (Hum Rider) کانام دیا گیا۔ اس گاڑی کی خاصیت یہ ہے کہ اگر آپ ہم رائیڈ پہ سوار ہوں اور وہ ٹریفک جام میں پھنس جائے تو بس ایک بٹن دبائیے اور دوسری گاڑیوں کو پھلانگتے اپنی راہ چلتے بنیے۔
تھنک تھنک مورو نے کیا یہ کہ ایک جیپ ویگن لی اور اس میں ہائیڈرلکس سسٹم نصب کردیا۔ گاڑی میں لگا ایک جنریٹر سسٹم کے آلات کو حرکت میں لاتا ہے جو پوری کار کو بلند کر دیتے ہیں ۔جبکہ ڈرائیور گاڑی میں لگے کیمروں کی مدد سے اپنی سواری کو کسی بھی کار کے اوپر سے بہ آسانی گزار لیتا ہے۔
’’ہم رائیڈر‘‘ ایک اشتہار کے لیے تیار کی گئی، مگر جب اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو وائرل ہوگئی۔ جلد ہی سیکڑوں لوگ تھنک مورو سے رابطہ کرنے لگے۔ وہ بھی فضا میں پانچ فٹ بلند ہونے والی کار بنوانا چاہتے ہیں۔ یہ امر آشکارا کرتا ہے کہ امریکا میں ٹریفک جام بڑا مسئلہ بن چکا ۔ حتیٰ کہ لوگ اب ایسی گاڑی کا مالک بننے کے متمنی ہیں جو دوسری گاڑیوں کو پھلانگتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں رہے۔ کہتے ہیں، ضرورت ایجاد کی ماں ہے۔ یہ والدہ صاحبہ حضرت انسان سے نجانے اور کتنی عجیب و غریب ایجادات تخلیق کرائیں گی!