ٹورانٹو:(اے پی پی) بین الاقوامی سیلولر کمپنی بلیک بیری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی وضع کردہ انکرپشن ٹیکنالوجی جرمن حکومت کےلئے تیار کئے جانے والے ٹیبلیٹس کو جاسوسی کے خلاف موثر بنانے میں استعمال کی جارہی ہے۔ بلیک بیری کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کےمطابق کمپنی کے ماہرین کی تیار کردہ انکرپشن ٹیکنالوجی اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹس کو ہر قسم کی جاسوسی سے بچاتی ہے، اس میں ایک عدد سیکیوریٹی کارڈ اور ایک انکرپشن اینڈ سرٹیفکیشن سافٹ ویئر شامل ہے۔ بلیک بیری کا دعوی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی اتنی محفوظ ہے کہ اس کا توڑ کرکے سسٹم میں داخل ہونا کسی بھی ہیکر یا انٹیلی جنس ادارے کےلئے ممکن ہی نہیں۔ سام سنگ کی جانب سے جرمن حکومت کو فروخت کئے گئے اسمارٹ فونز ’’گیلکسی ایس ٹو‘‘ میں ان ہی خصوصی سیکیوریٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ان میں محفوظ کی گئی خفیہ سرکاری دستاویزات تک کسی غیر متعلقہ فرد کی رسائی نہ ہوسکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت بلیک بیری کی جدید ترین انکرپشن ٹیکنالوجی صرف سام سنگ کے ٹیبلیٹس میں استعمال کی جارہی ہے تاہم بہت ممکن ہے کہ آئندہ کچھ وقت میں اس کا استعمال اسمارٹ فونز میں بھی کیا جانے لگے گا۔ بلیک بیری اسمارٹ فونز بنانے والے اوّلین اداروں میں شامل ہے تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلسل ناکامیوں اور خسارے کے بعد اس نے موبائل سیکیوریٹی اور دوسری کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کےلئے کام سے متعلق ایپس بنانے پر توجہ بڑھا دی ہے۔