خبرنامہ

پرانے فون میں فیچر نوٹ 7 کے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کا ایک سال پرانا گلیکسی نوٹ 5 اب بھی بہترین سمارٹ فونز کی فہرست میں شامل ہوتا ہے اور گلیکسی نوٹ 7 کے پھٹنے اور بعد ازاں فروخت بند ہونے کے بعد تو اس کی اہمیت میں اور بھی اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ نوٹ سیریز کے مداح نوٹ 5 ہی خرید رہے ہیں۔

سام سنگ نے شرمندگی سے بچنے کیلئے پہلے تو نوٹ 7 خریدنے والے افراد کو مختلف سہولیات دیں اور اب کمپنی نے نوٹ 5 کے صارفین کو بھی خوش کر دیا ہے اور اس فون کو ایک بار پھر ”نیا“ بنانے کیلئے سافٹ وئیر اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے جس میں وہ تمام فیچرز شامل کئے گئے ہیں جو نوٹ 7 میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق گلیکسی نوٹ 7 میں ”گریس یو ایکس“ کا استعمال کیا گیا تھا جسے اب نوٹ 5 کے صارفین کو بھی فراہم کیا جا رہا ہے اور اس کی ابتداءکوریا سے کر دی گئی ہے جو جلد ہی دنیا بھر کے صارفین کو فراہم کر دیا جائے گا۔

اگرچہ یہ اپ ڈیٹ اینڈرائڈ مارش میلو پر ہی ہے لیکن اس کے باوجود نوٹ 7 کے چند زبردست فیچرز، وائیڈ سیلفی، الٹرا پاور سیونگ موڈ، سمارٹ منیجر، بلو لائٹ فلٹر اور گیم ٹولز اس میں شامل ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ جنوبی کوریا کے علاوہ دیگر ممالک کے صارفین کو یہ اپ ڈیٹ کب فراہم کی جائے گی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا چند دنوں میں ہی ہو گا کیونکہ سام سنگ نوٹ 5 صارفین کو اینڈرائڈ کا نیا ورژن ”نوگٹ“ بھی فراہم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔