خبرنامہ

پیدل چلنے پر کرپٹو کرنسی دینے والی ایپ انتہائی مقبول

پیدل چلنے پر کرپٹو کرنسی دینے والی ایپ انتہائی مقبول

لندن:(ملت آن لائن) ایپل اور گوگل ایپ اسٹور پر اس وقت تیزی سے ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپس میں سے ایک ایپ سویٹ کوائن (Sweat Coin) ہے جو آپ کی صحت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو کرپٹو کرنسی (ایک طرح کی ڈیجیٹل کرنسی) بھی دیتی ہے۔ اگر آپ ایک ہزار قدم چلیں گے تو سویٹ ایپ یعنی پسینہ بہانے والی ایپ آپ کو صفر اعشاریہ (0.95) سویٹ کوائن عطا کرتی ہے۔ اسٹارٹ اپ کمپنی کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں نہ صرف اس کی آمدنی میں 266 فیصد اضافہ ہوا ہے بلکہ گزشتہ برس 50 لاکھ یوزر تھے جن میں سے 20 لاکھ سرگرم یوزر ہیں جو اسے باقاعدگی سے استعمال کررہے ہیں۔ اب یہ ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور پر تیزی سے ڈاؤن لوڈ اور انسٹال ہونے والی مشہور ایپ ہے اور ایپ اسٹور پر اس کا دوسرا نمبر ہے جو کہ ایپل اور پلے اسٹور دونوں پر دستیاب ہے۔
سویٹ ایپ کا استعمال اس ایپ کا استعمال بہت آسان ہے پہلے ایپ انسٹال کریں پھر اسمارٹ فون پر جی پی ایس لوکیشن آن کریں۔ اس کے بعد یہ آپ کے قدم گنتے ہوئے مالیاتی فوائد فراہم کرتی ہیں لیکن رقم کی شکل میں نہیں بلکہ سویٹ کوائن کی شکل میں، جس سے آپ گفٹ کارڈز، فٹنس آلات اور دیگر بہت سی اشیا خرید سکتے ہیں۔ جیسے جیسے آپ کے قدم بڑھتے جاتے ہیں آپ کے سامنے سویٹ کوائنز سے ملنے والی اشیا کی فہرست بڑھتی جاتی ہے۔ اس کا مفت ورژن دستیاب ہے جو محدود آپشن بیان کرتا ہے مثلاً فری ورژن انسٹال کرنے کے بعد آپ ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پانچ سویٹ کوائنز جیت سکتے ہیں تاہم قیمت والی ایپ میں بہت سارے فوائد موجود ہیں جس سے آپ چلنے کے دوران بہنے والے پسینے کی زیادہ کمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ فی الحال یہ امریکا اور برطانیہ کے لیے ہے جبکہ جلد ہی اسے ایشیا اور دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنی کے شریک بانی اینٹن ڈیرل ایٹکا نے کہا ہے کہ اگلے مرحلے میں آپ سویٹ کوائن کے ذریعے اپنے ٹیکس کی ادائیگی بھی کرسکیں گے۔ جبکہ اس کے لیے اوپن سورس بلاک چین ’ڈی ایل ٹی‘ ٹیکنالوجی وضع کی جائے گی جس سے لوگ سویٹ کوائن کا تبادلہ اور کاروبار بھی کرسکیں گے۔